سی ایس ایس نتائج کا اعلان، خواتین مردوں سے بازی لے گئیں
سی ایس ایس امتحان 2025 کے نتائج جاری، کامیابی کی شرح 2.67 فیصد رہی

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق کامیابی کی مجموعی شرح صرف 2 اعشاریہ 67 فیصد رہی۔ ایف پی ایس سی کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 12 ہزار 792 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے صرف 355 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے۔
کمیشن نے کامیاب امیدواروں میں سے 170 افراد کی تقرری کی سفارش بھی کر دی ہے، جن میں 84 مرد اور 86 خواتین شامل ہیں۔ نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن اسید رفیق نے حاصل کی، دوسری پوزیشن محمد محسن خالد جبکہ تیسری پوزیشن طارق حفیظ کے حصے میں آئی۔ ٹاپ 30 پوزیشن ہولڈرز کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس میں ایلوکیشن دی گئی ہے، تاہم حیران کن طور پر اس بار ٹاپ 30 میں سے کسی امیدوار کو فارن سروس میں ایلوکیشن نہیں ملی۔










