قومیں ایسے ہی تو نہیں بنتی ہیں!

پاکستان میں آئے روز امراء اور اشرافیہ کی جانب سے قانون شکنی کی خبریں اخبارات ، سوشل میڈیا اور ٹی پر سننے اور دیکھنے کو ملتی ہیں۔ کبھی نیوی افسر کی اہلیہ کی جانب سے بزرگ ٹریفک وارڈن کو تھپڑ مارنے کی خبر سامنے آتی تو کبھی سیاسی جماعت سے وابستہ لیڈروں کی جانب سے آرمی افسران کو ڈرانے دھمکانے کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی ہے۔ غرباء اور امراءکے لیے انصاف کے ان مختلف پیمانوں کے باعث ہی ملک آگے بڑھنے سے قاصر ہے۔

اس کے برعکس چین میں سامنے آنے والا واقعہ ملک کی اشرافیہ اور امراء کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہونا چاہیے۔ چین میں ایک پٹرول پمپ پر پٹرول بھروانے کے بعد ایک امیر زادے کی جانب سے ڈیوٹی پر تعینات خاتون کو پیسے ہاتھ میں تھمانے کے بجائے اس کی جانب اچھال دیے گئے۔ خاتون اس تذیل پر رو پڑی۔ پٹرول پمپ ملازم خواتین کی تذلیل پر پورے چین کے پٹرول پمپ مالکان نے اعلان کر دیا کہ آئندہ اس امیر زادے کی گاڑی کو چین کا کوئی پٹرول پمپ پٹرول نہیں دے گا۔

چینی امیر زادے کے اس رویے پر حکومتی سطح پر ہونے والی کارروائی اس کے علاوہ ہو گی۔ قومیں ایسے ہی تو نہیں بنتی ہیں اس کے لیے سب کو ایک نظر سے دیکھنا اور سب سے ایک سا برتاؤ کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح کا واقعہ اگر ہمارے ملک میں پیش آیا ہوتا تو امیر زادے کے خلاف کارروائی کے بجائے پٹرول پمپ ملازم ہی ملازمت سے محروم ہو چکا ہوتا یا کم از کم امیر زادے کے رویے پر تلخی دکھانے پر اپنی گستاخی پر معاف مانگے کا ضرور مرتکب ٹھہرتا۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button