دو برس میں 80 کتابوں کا اطالوی زبان میں ترجمہ کرنے والا مصنف
اٹلی کا ایک ڈاکٹر بڑا محنتی آدمی تھا۔ وہ عربی جانتا تھا اور اس نے عرب حکماء کی عربی کتابوں کا ترجمہ اطالوی زبان میں کیا۔ اسے اس کام میں دو سال لگے۔ اس کے بعد وہ بیمار ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے تشخیص کی کہ کینسر کا مرض ہے اور یہ بھی بتایا کہ زیادہ سے زیادہ دو سال تک یہ زندہ رہے گا۔ دو سال کے بعد اس کی موت متوقع ہے۔
اب وہ بستر پر آرام کی حالت میں تھا۔اس کے دل میں یہ آرزو پیدا ہوئی کہ کاش!میں عرب حکماء کی باقی کتابوں کا ترجمہ بھی اپنی اطالوی زبان میں کر دوں تاکہ مخلوق کا فائدہ ہو۔چنانچہ اس نے فیصلہ کر لیا کہ ترجمہ کرنا ہے۔اس نے لائبریری میں سے عرب حکماء کی بہت سی کتابیں منگوا لیں جو کہ طب و حکمت سے متعلق تھیں،جب ان کی چھان بین کی کہ کونسی کتابیں اہم ہیں جن کا ترجمہ ہونا چاہئے تو وہ کتابیں اس نے الگ کر لیں اور انہیں گنا تو وہ اسی(80)کتابیں تھیں۔
اب وہ ترجمہ کے لئے ذہنی طور پر تیار ہو گیا۔ حالانکہ وہ بیمار تھا،کینسر کا شدید مریض تھا، اس سے بڑھ کر یہ کہ اسے موت سر پر منڈلاتی نظر آ رہی تھی،لیکن اس سب کے باوجود وہ اس عظیم مہم کیلئے بالکل تیار ہو گیا۔اس نے ترجمہ کرنا شروع کر دیا۔ اسے ہر دن وقت کے کم ہونے کا احساس بھی دامن گیر تھا لیکن وہ اپنے کام میں لگا رہا۔آپ حیران ہوں گے کہ اس نے پورے دو سالوں کے اندر80کتابوں کا ترجمہ اطالوی زبان میں مکمل کر لیا۔