کوالٹی کنٹرول

آج دنیا کے اندر کوالٹی کنٹرول کا بڑا چرچہ ہے۔ ہر چیز میں کوالٹی کی بات ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں بھی کوالٹی کنٹرول ہے۔ ہر عمل کی کوالٹی کو دیکھا جاتا ہے۔ سو فیصد خالص اخلاص کو قبول کیا جاتا ہے اور اگر اخلاص میں کمی ہو تو اس کو رد کر دیا جاتا ہے۔ ہم نے جب چند ٹکوں میں چیز خریدنی ہو تو ہم کوالٹی مانگتے ہیں تو اللہ تعالیٰ جس نے بندے کو جنتیں دینی ہیں ‘ اُس کے عمل کی کوالٹی نہیں مانگیں گے؟ وہ بھی اخلاص کی کوالٹی چاہتے ہیں۔ یہ تو بڑی فکر والی بات ہے اور یہ ذہن میں رکھیں۔ نکتے کی بات کہ لوگ جو تعریفیں کرتے ہیں ‘ یہ عملوں کی اجرت ہوتی ہے۔ اگر ہمارے دل میں ذرا سی بھی یہ خواہش آ گئی کہ لوگ تعریف کریں اور لوگوں نے تعریف کر دی تو عمل کی اجرت ہمیں مل گئی۔
دفتروں میں ووچر بنتا ہے پھر اس پر لوگوں کو پے منٹ ہوتی ہے۔ دفتر کے زمانے کی بات ہے کہ ایک انجینئر تھے۔ اُس کو پیسے کی بہت ضرورت تھی۔ اُس کو کیشئر کا فون آیا کہ میرے پاس آپ کا ایک ووچر ہے اور اُس میں تقریباً آپ کے پندرہ ہزار روپے بنتے ہیں‘ آپ آ کرلے لیں۔ وہ بڑا خوش ہوا ‘ جلدی سے کیشئر کے پاس گیا مگر تھوڑی دیر بعد آنکھوں میں آنسو لے کر واپس آ گیا۔ ہم نے پوچھا: بھائی کیا ہوا؟ کہنے لگا: ووچر تو واقعی ہی اُس کے پاس تھا ۔ جب اُس نے نکالا تو نیچے اُس نے دیکھا کہ وہ تو پہلے پے ہو چکا تھا‘ اُس پر مہر لگی ہوئی تھی تو اُس نے کہا کہ یہ تو ادا ہو چکا ہے۔ بالکل اِسی طرح قیامت کے دن ہمارے اعمال کو کھولا گیا اور اُس پر بھی (ادا کیا گیا ووچر) کی مہر لگی ہوئی ہوگی تو پھر قیامت کے دن ہم خالی ہاتھ کھڑے ہوں گے۔ کیا اتنی مشقتیں اِسی لیے اُٹھائی تھیں کہ دنیا کے چند بندے دو لفظ کہہ دیتے ہیں کہ جی بڑے نیک ہیں ‘ بڑے اچھے آدمی ہیں اور بس! اس عمل کایہی اجر دنیا میں مل گیا۔
اس لیے سو فیصد نیت کر لیجئے کہ اللہ! ہم آپ سے اس کا بدلہ چاہتے ہیں۔ اس کے باوجود اگر کوئی تعریف کرے تو اس کے بارے میں حدیث پاک میں آتا ہے کہ ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ اے اللہ کے نبی ﷺ! ہم عمل تو اللہ کی رضا کے لیے کرتے ہیں مگر لوگ پھر بھی تعریفیں کرتے ہیں تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ آخرت میں ملنے والے اجر کی ایک قسط ہوتی ہے جو اللہ تعالیٰ اِس دنیا میں اپنے بندے کو پہنچا دیتے ہیں۔ چنانچہ تعریف تو اللہ تعالیٰ پھر بھی زبانوں سے کروا دیتے ہیں مگر ہماری نیت اللہ کی رضا والی ہونی چاہیے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button