عدالت کا مشرق کے سابق ملازم کو واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم
پشاور ہائی کورٹ میں اپیل خارج ،آئی ٹی این ای کی وزارت اطلاعات کو ڈکلیریشن معطل جبکہ اشتہارات کے پیسے نہ جاری کرنے کی ہدایت
آئی ٹی این ای نے درخواست گزار کے حق میں بقایا جات کامقدمہ ڈگری کیا تھا، کیس کی پیروی مدثرلطیف عباسی ایڈووکیٹ نے کی
پشاور ہائی کورٹ نے مقامی اخبار کی جانب سے آئی ٹی این ای کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی ۔ جس پر آئی ٹی این ای نے درخواست گزار ملازم کے واجبات فوری ادا کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات و متعلقہ اداروں کو مذکورہ روزنامہ کا ڈکلیریشن معطل جبکہ اشتہارات کی مد میں بقایا رقم ضبط کرنے کا حکم دے دیاہے ،درخواست گزار کی جانب سے مدثرلطیف عباسی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے ۔
سال2019میں درخواست گزار فیصل نوازنے بذریعہ مدثرلطیف عباسی ایڈووکیٹ صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے بنائے گئے ٹریبونل (آئی ٹی این ای) میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ اکیس سال سے زائد عرصہ پشاور کے ایک مقامی روزنامہ مشرق سے وابسطہ رہے لیکن اکیس سال بعد ملازمت چھوڑنے پراخبار انتظامیہ کی جانب سے ساتویںویج بورڈ کے مطابق درخواست گزار کو واجبات و بقایا جات ادا نہیں کیے گئے۔
اس پر آئی ٹی این ای نے درخواست گزار کے حق میں 12لاکھ 60ہزار روپے کے بقایاجات کامقدمہ ڈگری کیا تھا جس کیخلاف اخبار انتظامیہ نے پشاور ہائی کورٹ میں اپیل کررکھی تھی جسے گزشتہ روز عدالت عالیہ نے مسترد کردیا ہے۔معزز عدالت کے فیصلہ کی روشنی میں آئی ٹی این ای نے وزارت اطلاعات ونشریات کو حکم دیاہے کہ مذکورہ اخبار کو واجبات کی عدم ادائیگی کی پاداش میں اس کا ڈکلیئریشن معطل کردیا جائے جبکہ سرکاری اشتہارات کے بقایا جات فوری طورپر روک کر آئندہ کوئی سرکاری اشتہار جاری نہ کیا جائے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل مدثرلطیف عباسی ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے حق کی آواز بلند کرنے اور انصاف کی فراہمی میں معاونت پر انہیں فخر ہے اور پسماندہ طبقات کے حق میں ہر پلیٹ فارم پر ہمیشہ کی طرح کھڑے رہیں گے تاکہ معاشرے سے ناانصافی ،ظلم اور جبر کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے۔