نئے سال میں کیا کرنا ہے؟

نئے عیسوی سال 2022ء کا آغاز ہو چکا ہے، اکثر لوگ ہر نئے سال کے آغاز پر اپنی کامیابی کا پروگرام مرتب کرتے ہیں، گزشتہ سال کی جانے والی غلطیوں کو آئندہ نہ کرنے کا عزم کیا جاتا ہے، اس کے باوجود بہت کم لوگ ہوتے ہیں جن کیلئے نیا سال خوشحالی کا سال ثابت ہوتا ہے۔ نئے سال کی آمد پر آپ کو بیسیوں قسم کے مشورے انٹرنیٹ پر دستیاب ہو سکتے ہیں تاہم ذیل کی سطور میں ہم آپ کی توجہ جس جانب مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اس طرف بہت کم لوگوں کی توجہ جاتی ہے۔
نئے سال کی آمد پر اس بات کاجائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ گزشتہ سال یا گزشتہ چند سالوں سے آپ جن دوستوں کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں ان کی ذات سے آپ کو کیا فائدہ ہوا ہے، اگر آپ کے دوست آپ کیلئے فائدے کی بجائے نقصان کا باعث بنے ہیں تو نئے سال کے آغاز پر عزم کریں کہ ایسی دوستی کو خیرباد کہنے کا وقت آ گیا ہے۔
بہت سے لوگ آپ کی زندگی میں ایسے ہوتے ہیں جن کی شخصیت سے آپ کو مالی فائدہ تو نہیں ہوتا ہے مگر وہ آپ کو اچھا مشورہ دے سکتے ہیں، ان کی رفاقت کی بدولت آپ نقصان اور تباہی کے گڑھے میں گرنے سے بچ سکتے ہیں، ایسے لوگوں کو ہرگز نہ کھوئیں، یہ لوگ آپ کیلئے روپے پیسے سے بڑی دولت ہیں۔
اسی طرح کئی لوگ ایسے ہیں جن سے آپ کو کوئی مالی فائدہ ہوتا ہے اور نہ ہی دوسرا کوئی فائدہ ہوتا ہے لیکن نقصان بھی نہیں ہوتا ہے تو پرانے دوست ہونے کے ناطے جہاں تک ممکن ہو سکے ایسے افراد کے ساتھ تعلق کو قائم رکھیں لیکن اس حد تک کہ بس تعلق قائم رہے۔
کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی ذات سے یا ان کے ہنر سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے بلکہ ان کی نظر آپ پر ہوتی ہے اور موقع ملتے ہی وہ آپ سے اپنا فائدہ نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی بھر مار ہوتی ہے، جنہیں آپ مفاد پرست بھی کہہ سکتے ہیں، نئے سال کے آغاز پر عزم کریں کہ مفاد پرستوں کے ساتھ تعلق قائم نہیں کرنا ہے، اگر آپ تعلق ختم کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ ہو آپ کو نقصان پہنچائیں لہذا دھیرے دھیرے تعلق کو پہلے مرحلے میں کم کریں، پھر محدود اور بعد ازاں ختم کر دیں۔
آپ جس کام سے وابستہ ہیں کوشش کریں کہ اسی کام کے ماہرین سے آپ کا تعلق ہو، اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ آپ دن بدن ترقی کی منازل طے کریں گے، کیونکہ تجربہ کار شخص اپنے تجربے کی بنیاد پر آپ کو ایسے مشورے سے نوازے گا جس سے آپ نقصان سے بچ جائیں گے اور جو امور آپ کی سمجھ میں نہیں آ رہے ہیں ماہرین کی رفاقت کی بدولت وہ امور بھی آپ سمجھ سکیں گے۔ اگر آپ نے اس کے برعکس کیا یعنی جو آپ کا کام ہے آپ اس سے متعلقہ افراد سے ملنے کی بجائے دوسرے شعبے کے افراد سے ملنا جلنا رکھتے ہیں تو آپ خسارہ اٹھائیں گے۔
جس کام میں آپ ترقی نہیں کر رہے ہیں یا جس شرح سے آپ کو ترقی کرنی چاہئے تھی اس شرح سے آپ نے ترقی نہیں کی ہے تو پھر آپ ایک ہی کام پر توجہ دینے کی بجائے کوئی دوسرا کام کریں، ہو سکتا ہے دوسرے کام میں آپ کامیاب ہو جائیں۔ بہت سے لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ ایک کام میں بارہا نقصان اٹھاتے ہیں لیکن اس کام کو ترک کرنے کیلئے آمادہ بھی نہیں ہیں، یاد رکھیں کاروبار میں انسان ایک آدھ بار تو نقصان برداشت کر سکتا ہے روز روز نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔
ہمیشہ وہی کام کریں جو آپ خود کرنا جانتے ہیں، بسااوقات آپ کو ایسے لوگ ملتے ہیں جو اپنے فائدہ کیلئے آپ سے شراکت داری کا قائم کرتے ہیں ایسے لوگوں کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں۔ اور وہ کام کریں جس میں آپ مہارت رکھتے ہیں یا آپ کو اس کام میں دلچسپی ہے کیونکہ دلچسپی سے آپ وہ کام بھی سیکھ جائیں گے جو آپ کو نہیں آتے ہیں۔ نئے سال کے آغاز میں اگر آپ ٹھان لیں گے کہ یہ کام آپ نے ہر صورت کرنا ہے، آپ کے عزائم میں تزلزل نہیں ہونا چاہے کہ یہ کام ہو گا بھی یا نہیں، آپ عزم صمیم کر لیں تو یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ آپ وہ کام کر گزریں گے۔اسی بنا پر کہا جاتا ہے کہ آپ کا پختہ ارادہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button