جنید اور عائشہ کی شادی کا تفصیلی احوال

عائشہ سیف اور جنید صفدرکی شناسائی ایک عرصے سے تھی ،عائشہ سیف نے ماڈلنگ کو بطور پیشہ اپنایا اور انسٹا گرام پر ان کے 295 ملین فالورز ہیں


شادی کی تقریبات کئی دنوں تک اسلام آباد اور جاتی امراء میں جاری رہیں، سوشل میڈیا پر مریم نوازکے قیمتی جوڑوں کے خوب چرچے، مریم اور حمزہ کی گلوکاری کو بھی بہت پذیرائی ملی


سابق وزیراعظم نوازشریف کے نواسے اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات 17 دسمبر کو اختتام پذیر ہوئیں،یہ تقریبات جاتی امراء اور اسلام آباد میں منعقد ہوئیں، اس شادی کو اگر پاکستان کی مہنگی ترین شادیوں میں سے ایک کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، شادی کی تقریبات کو میڈیا میں خوب کوریج دی گئی، خاص طور پر سوشل میڈیا پر بہت چرچے رہے۔ جنید صفدر کی شادی شریف خاندان میں چند برسوں کے بعد آنے والا خوشی کا بڑا موقع تھا ، اس سے پہلے مریم نواز کی صاحبزادی مہرالنساء صفدر کی شادی 2015 ء میں ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے بیٹے کی شادی کے موقع پر سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی تھیں۔
نکاح کب ہوا؟
جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح رواں سال 22 اگست کو لندن میں ہو ا تھا، یہ تقریب لندن کے مہنگے ترین فائیو سٹار ہوٹل ’’دی لینس بورو‘‘ میں منعقد کی گئی تھی جو ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے، باربرا والٹرز، میڈونا، جارج بش سینئر، چیر، آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون، جونی ڈیپ، مائیکل بولٹن، ماریہ کیری اور پامیلا اینڈرسن سمیت کئی شوبز اور معروف شخصیات اس ہوٹل میں قیام کر چکی ہیں، نکاح کی تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اور ان کی اہلیہ موجود تھے تاہم مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام چونکہ اُس وقت ای سی ایل میں تھے اس لئے انہوں نے اس تقریب میں لاہور سے ہی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی تھی۔ نکاح کا دعوت نامہ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر شیئرکیا تھا جس کے کافی چرچے ہوئے تھے۔ نکاح کے موقع پرجنید صفدر کے ’’ ٹکسڈو ‘‘ کے برانڈ کی توکوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم دلہن نے جو لہنگا زیب تن کر رکھا تھا اُسے معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی نے ڈیزائن کیا تھا۔ نکاح کے موقع پر لی جانے والی تصاویر بعدازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں جنہیں خوب پذیرائی ملی اور جوڑے کے عزیز و اقارب اور دوسرے صارفین نے انہیں دل کھول کر مبارک باد بھی دی تھی۔

جنید اور عائشہ کے نکاح کی تقریب کا تصویری منظر


نکاح کے وقت پی ٹی آئی کے حامیوںکا مظاہرہ
لندن میں جب جنید صفدر اور عائشہ سیف کے نکاح کی تقریب منعقد ہو رہی تھی تو اس موقع پر کچھ ایسے لوگوں نے ہوٹل کے باہر نواز شریف کیخلاف احتجاج بھی کیا جو پاکستان تحریک انصاف کے حامی نظرآرہے تھے لیکن اُن کا یہ احتجاج زیادہ دیر نہیں چل سکا نہ ہی اس سے تقریب متاثر ہوئی، جیسے ہی لوگ احتجاج کے لئے جمع ہوئے ، مسلم لیگ (ن)کے کارکنان بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے مداخلت کی۔ بعد ازاں نکاح کی تقریب خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی۔سوشل میڈیا پر جہاں کچھ صارفین نے اس احتجاج کی حمایت کی تھی وہاں ایک بڑے حلقے نے اسے تنقیدکا بھی نشانہ بنایا تھا، کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ شادی بیاہ جیسی تقریبات کو سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر سوچنا چاہئے، اگر دوسروں کی خوشی میں شریک نہیں ہو سکتے تو کم از کم تنقید سے بھی گریز کرنا چاہئے۔
لاہور میں تقریب اورمریم کی گلوکاری
مریم نواز کے کزن حمزہ شہباز نے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں جنید صفدرکی شادی کے حوالے سے اپنی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد کی تھی، اس تقریب کی خاص بات مریم نواز اور حمزہ شہباز کی گائیکی تھی،اس موقع پر مریم نواز نے ’’ تم دینا ساتھ میرا، او میرے ہمنوا‘‘ گانا گایا جبکہ حمزہ شہباز نے’’ ہمیں تم سے پیار ہے کتنا، ہم نہیں جانتے اور چاندنی رات‘‘ گایا کر محفل کو چار چاند لگا دیئے تھے، مریم اور حمزہ کی گلوکاری کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے دل کھول کر انہیں داد دی۔ صارفین نے جہاں مریم نواز کی آواز کو سراہا وہاں حمزہ کی تعریفوں کے بھی پل باندھے اور لکھا کہ گلوکاری کے معاملے میں بھی وہ خاندان کے دیگر افراد پر گئے ہیں۔
مہندی و مایوں کی تقاریب
12 دسمبر کو اسلام آباد میں جنید صفدر کی مہندی اور مایوں کی تقریبات منعقد ہوئیں، مہندی میں دلہن نے ڈیزائنر بنٹو کاظمی کا تیارکرہ سرخ عروسی جوڑا زیب تن کیا اور اس کے ساتھ ہلکی پھلکی جیولری بھی پہن رکھی تھی، جنید صفدر نے اپنی مہندی کی تصویر شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ مریم نواز بھی بیٹھی ہوئی ہیں۔ تصویر کے کیپشن میں جنید صفدر نے ’’مہندی ‘‘ کا ذکرکیا۔اس موقع پر مریم نواز نے ڈیزائنر صدف فرحان کا لباس پہن رکھا تھا۔ مایوں کی تقریب میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔مایوں کی تقریب کی ویڈیوز میں جنید صفدر خود بھی گلوگاری کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، انہوں نے راحت فتح علی خان کا گانا ’’نہ تیرے باجوں لگتا جی‘‘ گایا۔اس موقع پر مریم نواز نے معروف فیشن ڈیزائنر سائرہ شاکر کا ڈیزائن کردہ لباس زیب تن کیا۔

دولہا اور دلہن کا فیملی کے ساتھ گروپ فوٹو


بارات و استقبالیہ
جنید صفدرکی بارات 14 دسمبرکو اسلام آباد میں ن لیگی رہنما عباس آفریدی کے فارم ہائوس سے روانہ ہوئی جس میں بینڈ اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ بارات کے وینیو کی سجاوٹ سفید رنگ کے پھولوں سے کی گئی تھی جبکہ فوٹوگرافر خصوصی طور پر فاطمہ طارق کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ بارات کے لئے جنید سفید شیروانی کے ساتھ اسی رنگ کا کُلا پہنا ۔ واضح رہے کہ اسی طرزکی شیروانی کا انتخاب اُن کے والد نے بھی اپنی شادی پرکیا تھا۔ دولہے کی والدہ مریم نواز نے ڈیزائنر نومی انصاری کے تیارہ کردہ انتہائی دلکش ہرے جوڑے کا انتخاب کیا جبکہ والد کیپٹن(ر) صفدر نے کوٹ پینٹ کے ساتھ گلابی کلا پہنا، کوٹ پینٹ کے ساتھ روایتی کلا پہنے شہباز شریف بھی بارات میں موجود تھے اور دلہن کے گھر پہنچنے اور اسٹیج پر وہ خاندان کے بڑے کی حیثیت سے دولہے کے ساتھ ساتھ نظر آئے۔ اس موقع پر دلہن نے بنٹو کاظمی کے گولڈن رنگ کے لباس کے ساتھ ہیروں اور زمرد کے زیورات پہن رکھے تھے۔ سیف ہائوس سے رخصتی کے بعد دولہا اور دلہن اسلام آبادکے فائیو سٹار کے ہوٹل میں مقیم رہے، 15 دسمبر کو اسلام آباد میں استقبالیہ کے اہتمام کیا گیا جس کے بعدیہ خاندان دوباہ لاہور منتقل ہوگیا،اسلام آباد میں پانچ روز ہ تقریبات مکمل ہونے پر جنید صفدر اور ان کی اہلیہ مری چلے گئے۔
ولیمہ کی تقریب
شادی کی تقریبات کا باضابطہ اختتام17 دسمبر کی شب جاتی امراء میں دعوت ولیمے کے ساتھ ہوا جس میں شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے قریبی عزیز و اقارب اور لیگی رہنماشریک ہوئے۔اس موقع پر جاتی امراء کو برقی قمقموں سے سے سجایا گیا تھا جبکہ مہمانوںکو مٹن قورمہ ،چکن بریانی ،سوپ اور گاجر کا اسپیشل حلوہ پیش کیا گیا۔ولیمے کی تقریب میں جنید صفدر نے برائون شیروانی زیب تن کر رکھی تھی جبکہ دلہن نے اپنے لئے ہلکے ہرے عروسی جوڑے کا انتخاب کیا۔ولیمے کی تقریب میں بھی مریم نواز کے جوتے اور کپڑے توجہ کا مرکزبنے رہے، اس موقع پر گہرے نیلے رنگ کا خوبصورت جوڑا پہن رکھا تھا۔ شادی کی تقریبات کے اختتام پر جنید صفدر نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔
مریم نوازتوجہ کا مرکز بنی رہیں
شادی کی پوری تقریبات کے دوران مریم نوازکا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا،جہاں اُن کی گلوکاری کو پسند کیا گیا وہاں ان کے انتہائی نفیس اور مہنگے جوڑوں اور میک اپ کا بھی خوب چرچا رہا۔مریم نواز نے 15دسمبرکی شام کو نواسے کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔انہوں نے کیپشن میں’’ نانو‘‘ لکھا۔ جیسے ہی مریم نواز کی تصاویر شیئر ہونا شروع ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مریم کی تعریفوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، ایک صارف نے مریم کے لیے لکھا کہ دلہن سے اچھی تو آپ لگ رہی ہیں۔ایک صارف نے مریم کے قصیدے پڑھتے ہوئے لکھا کہ اتنی پیاری کیسے ہیں آپ، نواسہ بھی بہت پیارا ہے۔بعض افراد نے مریم نواز کو دنیا کی خوبصورت ترین نانی بھی قرار دیا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی بھی مریم نواز کی تعریف کئے بنا نہ رہ سکیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر ن لیگی رہنما مریم نواز کے کپڑوں اور جوتوں کو سراہا ۔ انہوں نے مریم نواز کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں فیصلہ نہیں کر پا رہی کہ پہلے کیا آیا ہو گا جوتے یا لباس؟ لیکن خاصا متاثر کن ہے۔

دولہا اور دلہن مریم نواز اور بہنوں کے ساتھ


پی ٹی آئی رہنمائوں کی تنقید
فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کی طرف سے شادی کی تقریبات کا استہزاء اُڑایا گیا تاہم سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے اس طرز عمل کو ناپسند کیا۔صارفین کا کہنا تھا کہ شادی جیسے خوشی کے مواقع سیاسی اختلافات سے پاک ہونے چاہئیں،مریم نواز نے ایک ماں کی حیثیت سے بیٹے کی شادی پر خوشی منائی اور یہ ان کا حق تھا اس پر تنقید کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
مریم نوازکی بہو کا مختصر تعارف
مریم نواز کی بہوعائشہ سیف نوازشریف کے دیرینہ ساتھی اور سابق چیئرمین احتساب بیورو سیف الرحمن کی صاحبزادی ہیں۔وہ 18مئی 1995کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول سے حاصل کی اور گرلز کالج اینڈ یونیورسٹی میں اپنی پڑھائی مکمل کی۔ عائشہ سیف نے ماڈلنگ کو بطور پیشہ اپنایا اور انسٹا گرام پر ان کے 295 ملین فالورز ہیں۔ عائشہ سیف اور جنید صفدرکی شناسائی ایک عرصے سے تھی کیونکہ دونوں کے خاندانوں کے آپس میں گہرے مراسم تھے۔ ان کی شادی میں دونوں کے پسند اور دونوں خاندانوں کے بڑوں کی مرضی بھی شامل ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button