عمران خان کی بات سننے کیلئے کوئی تیار کیوں نہیں؟

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملک کی خاطر سب سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ساتھ ہی انہوں نے شکوہ کیا کہ کوئی ان کی بات سننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عمران خان روئیں یا چیخیں، ان سے سمجھوتہ کرنےکو کوئی تیار نہیں ہے۔ خان صاحب نے اپنے ویڈیو بیان میں عظیم لیڈر نیلسن مندیلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 27 برس جیل میں گزارے مگر جب باہر آئے تو سب کو معاف کر دیا۔

دوسری طرف صورتحال یہ ہے کہ حکومتی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ نہ صرف یہ کہ بات کرنے کیلئے تیار نہیں بلکہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کو لاہور بھیجا گیا، کیونکہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، اسلام آباد پولیس کی ٹیم ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہ اسلام آباد پولیس گئی تو وہاں موجود پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں۔ مگر کچھ ہی دیر کے بعد عمران خان منظر پر آ گیا اور کارکنان سے خطاب کیا۔

پریشان کن صورتحال یہ ہے کہ حکومت و اپوزیشن دو انتہآں پر کھڑے ہیں، مفاہمت کے بغیر آگے بڑھنا آسان نہیں ہے اور مفاہمت کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں۔ حکومت و اپوزیشن میں سے کسی ایک کو موردالزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا، ہر فریق برابر کا ذمہ دار ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button