جاپانی ویزہ، تنخواہ 5 لاکھ روپے سے زائد
جاپان لاکھوں ہنرمند ورکرز کو آسان ویزے جاری کر رہا ہے، جنہیں 2 ہزار ڈالر ماہانہ تنخواہ کے علاوہ رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، دو ہزار ڈالر پاکستان روپوں میں پانچ لاکھ سے زائد بنتے ہیں۔ پاکستان سے 9 سو ہنر مند افراد جاپان پہنچے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
انٹرن شپ ویزے بھی لگنا شروع ہوگئے ہیں، کئی لاکھ ویزوں کی گنجائش ہے اس حوالے سے پاکستان اور جاپان کی نجی تنظیمیں، سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو اور اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو جاپان بھجوانے کے لیے مشترکہ کوششیں کررہی ہیں۔
اس حوالے سے 22 فروری کو سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو میں بڑا سیمینار منعقد ہو رہا ہے جس میں چالیس سے زائد جاپانی کمپنیاں شریک ہوں گی جبکہ پاکستان سے سیکریٹری وزارت اوورسیز پاکستانی اور دیگر سرکاری افسران آن لائن شریک ہوں گے۔
اگر آپ ہنر مند ہیں، تعلیم یافتہ ہیں اور روزگار کیلئے جاپان جانا چاہتے ہیں تو خود کو تیار کریں، جاپان سے متعلق خبروں سے آگاہ رہیں اور جاپانی زبان سیکھنے کی کوشش کریں کیونکہ جاپانی زبان کو جاننے والے افراد کو ترجیؐح دی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ جو لوگ روزگار کیلئے جاپان جائیں وہ ملک کیلئے نیک نامی کا ذریعہ بنیں۔ بھارت اپنے محنت کشوں کو مکمل تیاری اور تربیت کےساتھ بھیجتا ہے جس کی وجہ سے وہ امریکہ سمیت ہر ملک کلیدی عہدے پر فائز ہیں۔
کمیونٹی ویلفئر اتاشی عاشج لقمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان میں پاکستانی سفارتخانے اور پاکستان میں وزارت سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل و ترقی، وزارت وفاقی تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ کی مشترکہ کوششوں سے جاپان میں پاکستانی ہنرمندوں کی آمد کا آغاز ہو چکا ہے۔
واضح رہے جاپان اور پاکستان کے مابین افرادی قوت کے حوالے سے یہ پہلا موقع ہے کہ جاپانی کمپنیوں نے جاپانی زبان جاننے والے ہنر مند پاکستانیوں کو بطور ٹیکنیکل انٹرنز ہائر کرنا شروع کیا ہے۔