شنکیاری کے مشہور اور روایتی چپل کباب
ہر علاقے اور خطے کی کوئی نہ کوئی مشہور سوغات ہوتی ہے جو کسی بھی علاقے کی پہچان بن جاتی ہے اور لوگ اس چیز کا حوالہ دے کر مذکورہ علاقے کا تعارف کراتے ہیں۔ یہ سوغات کوئی بھی کھانے پینے ، پہننے اور دیگر ذاتی و گھریلو استعمال کی چیز ہو سکتی ہے۔ پاکستان کے تمام صوبوں کے کئی ایسے شہر ہیں جو اپنی مخصوص سوغات کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔
ایسے ہی ضلع مانسہرہ کے علاقے شنکیاری کا چپل کباب انتہائی مشہور ہے۔ ضلع بھر میں جب بھی کوئی اور کہیں بھی شنکیاری کا ذکر ہوتا ہے تو بے اختیار گرما گرم چپل کباب کی ٹکیاں نظروں کے سامنے گھومنے لگتی ہیں اور منہ میں پانی بھر آتا ہے۔ شنکیاری اور چپل کباب ایسے لازم و ملزم ہو گئے ہیں کہ ضلع بھر میں کہیں بھی چپل کباب کی دکان کھلتی ہے تو وہاں یہ جملہ آپ کو لازماً لکھا نظر آئے گا: شنکیاری کا مشہور چپل کباب
چپل کباب کی تیاری میں بڑے جانور کے گوشت کا قیمہ استعمال ہوتا ہے۔ اس قیمہ میں فائن آٹا، خشک دھنیا، زیرہ، اجوائن، ہری مرچ، ادرک وغیرہ شامل کر کے اچھی طرح مکس کر لیا جاتا ہے۔ یہ مواد تیار کر کے چند گھنٹے چھوڑا جاتا ہے اور اس کے بعد کڑائی میں گھی میں اچھی طرح تل لیا جاتا ہے۔ پہلے پہلی جانوروں کے گوشت سے حاصل ہونے والی چربی میں کباب تلا جاتا تھا تاہم اب زیادہ تر گھی ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
ضلع مانسہرہ میں کہیں بھی کوئی دعوت یا تقریب ہو ، چپل کباب اس کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ گھروں میں بھی مہمانوں کے لیے چپل کباب کو مینو میں شامل رکھا جاتا ہے۔ دوست احباب اگر اکٹھے ہو جائیں اور کھانے کا پروگرام بن جائے تو بیشتر کا مشورہ یہی ہوتا ہے کہ شنکیاری کباب کھانے چلتے ہیں۔ بالاکوٹ کے مشہور شنکیاری کباب کی شہرت اور لذت کا انداز اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دوپہر کے کھانے کے اوقات سے تھوڑا تاخیر سے پہنچنے والوں کو اکثر بغیر کباب کھائے واپس پلٹنا پڑتا ہے اور سہ پہر کے اوقات میں شنکیاری کباب والے برتن سمیٹ کر دکان کی صفائی اور اگلے روز کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں۔