سسرال میں میکے کا وقار کیسے بڑھائیں؟
دنیا کے سب سے حسین رشتوں میں سے ایک میاں بیوی کا رشتہ ہے، مرد اور عورت کا یہ تعلق صرف نئے خاندان کی بنیاد ہی نہیں ڈالتا بلکہ دو خاندانوں کو بھی ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، اگر میاں بیوی آپس میں رشتہ دار ہیں تو اس شادی سے ان کی خاندانوں کے ایک دوسرے کے مزید قریب آجائیں گے اور اگر شادی خاندان و رشتہ داروں سے باہر ہوئی ہو تو پھر تو اجنبی خاندانوں کے درمیان نیا تعلق قائم ہوتا ہے۔
جس طرح میاں بیوی میں باہمی احترام ان کے تعلق کو مضبوط اور ازدواجی زندگی کو خوشگوار بناتا ہے، اسی طرح ان کے اچھے تعلق کے لئے ایک دوسرے کے خاندان و رشتہ داروں کا احترام و عزت و تکریم بھی لازمی جزو ہے، اگرچہ مرد حضرات بھی یہ خواہش اور توقع رکھتے ہیں کہ بیویاں ان کے خاندان و رشتہ داروںکا احترام اور قدر کریں لیکن عورتوں میں یہ خواہش اور تڑپ کچھ زیادہ ہوتی ہے اور وہ اس معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں، ہر عورت یہ چاہتی ہے کہ سسرال میں اس کے میکے والوں سے متعلق نہ تو کوئی برا بولے اور نہ ہی برا سوچے۔
بلاشبہ اپنے سسرال میں میکے کی عزت تو ہر خاتون کے لئے اہمیت رکھتی ہے لیکن دیکھا جائے تو سسرال میں میکے کی قدر و منزلت اور عزت و وقار بڑھانا یا اس میں کمی لانا دراصل آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے، اگر سسرال میں اپنے شوہر اور اس کے خاندان کے ساتھ آپ کا رویہ اور برتاؤ اچھا ہے، آپ کے اندر برداشت ہو، گھر یا خاندان میں ہونے والی چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظرانداز کریں، آپ ایک اچھی بیوی اور ایک اچھی بہو ثابت ہوتی ہیں تو یقیناً سسرالیوں میں نہ صرف آپ کے بارے میں اچھا تاثر پیدا ہوگا بلکہ ہر ایک کی آپ کے میکے کے بارے میں بھی اچھی رائے قائم ہو گی اور سسرالیوں کی نذر میں آپ کے خاندان خاص طور پر والدین کی عزت اور قدر بڑھے گی، سب آپ کے اچھے طرز عمل کو والدین کی اچھی تربیت کا نتیجہ قرار دیں گے۔
اس طرح دو خاندانوں میں قائم ہونے والا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ لیکن اگر سسرال میں آپ کا رویہ نامناسب ہو، بات کا بتنگھڑ بنانا معمول بنا لیں، چھوٹی چھوٹی باتوں کو طول دینا شروع کر دیں، شوہر کے والدین اور دیگر قرابت داروں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش نہ آئیں تو اس سے نہ صرف آپ کا اپنا امیج خراب ہو گا بلکہ آپ کے میکے والوں کی عزت بھی کم ہوگی بلکہ یوں کہیں کہ میکے والوں اور سسرالیوں میں دوریاں پیدا ہوں گی، آپ کے والدین کی تربیت پر سوال اٹھائے جائیں گے۔
چنانچہ میکے کی عزت و تکریم کا دارو مدار سسرال میں آپ کے طرز عمل پر ہے، آپ نے اگر سسرال میں اپنی عزت اور اپنے میکے کا قد کاٹھ بڑھانا ہے تو اس کا سادہ سا فارمولہ یہی ہے کہ آپ اپنے شوہر کے والدین، بہن بھائیوں کو بھی اتنی ہی اہمیت اور عزت دیں جتنی آپ اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو دیتی ہیں، یوں دو خاندانوں کے درمیان قائم ہونے والا تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے گا، پھر اگر آپ میں رواداری ہو اور اخلاق سب کے ساتھ اچھا ہوں تو اس سے آپ کی اپنی بھی نیک نامی ہوتی ہے، زندگی آسان اور خوشگوار ہو جائے گی، پھر اگر خاندان میں کسی ایک آدھ کی آپ کے ساتھ نہ بھی بنتی ہو توگھر کے زیادہ افراد تو آپ کے چاہنے والے ہی ہوں گے۔