سعودی عرب میں خصوصی افراد کو حاصل مراعات

سعودی عرب میں قیام کےد وران گزشتہ برسوں میں کئی فوڈ آؤٹ لیٹس پر جب جانا ہوا تو داخل ہوتے ہی ابتدائی سرونگ ٹیبلز میں عموماً کئی غیر ملکی فوڈ آؤٹ لیٹس میں مجھے کچھ ٹیبلز Special person کے لیے مخصوص نظر آتے ہیں، جو دروازے کے انتہائی قریب ہوتے ہیں، دوم ان فوڈ شاوٹ لیٹس کے باہر دو چار سیڑھیوں کے ساتھ فلیٹ چڑھائی بھی ہوتی ہے، تاکہ وہیل چئیر کو با آسانی استعمال کیا جا سکے۔

سعودی عرب میں آج کسی بھی ہسپتال، یا معمولی سے کلینک کے داخلی دروازے پر ہر حالت میں وہیل چئیر کے لئے فلیٹ چڑھائی ہوتی ہے، ہسپتال و کلینک کے دروازے کی قریبی تمام کار پارکنگ خصوصی افراد کے لئے مختص ہوتی ہیں، یہاں خصوصی افراد کی پارکنگ میں عام افراد کا گاڑی کھڑی کرنا ایک بڑا جرم سمجھا جاتا ہے، اتنا بڑا جرم کہ سعودی عرب میں آج تک کی معلوم تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسیڈنٹ کی وجہ اوور اسپیڈ اور ڈرفٹنگ کو سمجھا جاتا ہے مگر اس کے باوجود اوور اسپیڈ یا ڈرفٹنگ میں ملوث افراد کی کبھی گاڑی نہیں ضبط ہوئی ۔ لیکن سعودی عرب میں ٹریفک محکمے نے سال گذشتہ 2022 میں ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 2 ہزار 629 گاڑیاں ضبط کی ہیں، چونکہ ان گاڑیوں کو معذور افراد کی سہولت کیلئے مختص کئے گئے مقامات پر پارک کیا گیا تھا۔ اس سے معذور افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لئے یہ گاڑیاں سعودی ریاست نے ضبط کر لیں۔

سعودی عرب میں سعودائزیشن مقامی لوگوں کی نوکریوں کی سہولت کا نام ہے، نجی محکموں میں زیادہ سے زیادہ مقامی افراد کو نوکری دینے والے اداروں کو ریاست کی طرف سے خصوصی مراعات ملتی ہیں، ان مراعات کا تعین زیادہ مقامی افراد کو نوکری دینے سے ہوتا ہے جن کی بنیاد پر ان کے پوائینٹس بنتے ہیں۔ اسی ضمن میں ایک مرد کے مقابل جب ایک سعودی خاتون کو جو ادارہ نوکری دیتا ہے تو اس ادارے کو خاتون کو نورکی دینے کی مد میں دوہرے پوائنٹ ملتے ہیں، اسی طرح ایک کوئی ادارہ ایک معذور شخص "خصوصی فرد” کو نوکری دیتا ہے تو حکومت اس خصوصی فرد کی نوکری کو ادارے کے لئے چار گنا مراعات کے لئے قبول کرتی ہے، اور اگر کوئی خصوصی افراد میں کسی خاتون کو نوکری دیتے ہیں تو وہ ادارہ ایک خصوصی خاتون کو نوکری دینے کی مد میں آٹھ افراد کے مقابل مراعات کا حق دار بنتا ہے۔

ایسے تمام ادارے جہاں ایسے مخصوص افراد ہوں، وہاں پر خصوصی واش روم لازمی ہوتے ہیں، کسی بھی بڑے شاپنگ مال ،مسجد، یا عوامی مجمع سے متعلق کسی خصوصی یا عمومی جگہ پر خصوصی افراد کے لئے مخصوص واش روم اور کموڈ کا ہونا لازمی امر ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button