سیلاب، دل جان فاؤنڈیشن فلاحی کاموں میں سرگرم
چارسدہ انٹرچینج پر قائم ریلیف کیمپ میں موجود متاثرین سیلاب کیلئے پیکٹوں میں بند معیاری کھانا تقسیم کیا،ہمارے بہن بھائی اس وقت مشکل میں ہیں، مخیر حضرات،عوام جو جتنا کرسکتا ہے ان کی مدد کیلئے آگے، چیئرمین دل جان فائونڈیشن
سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جہاں حکومتی ادارے اور دوسری فلاحی تنظیمیں پیش پیش ہیں وہاں دل جان فائونڈیشن بھی میدان میں عمل میں آ کر متاثرین کی داد رسی کر رہی ہے۔ چارسدہ انٹرچینج کے مقام پر متاثرین سیلاب کیلئے قائم ریلیف کیمپ میں کھانا تقسیم کیا، دل جان فائونڈیشن کی جانب سے متاثرین سیلاب کو ان کی عزت نفس مجروح کئے بغیر پیکٹوں میں بند کھانا تقسیم کیا گیا اور اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ کھانا کا معیار بہترین ہو۔
اس موقع پر دل جان فائونڈیشن کے چیئرمین سابق آئی جی خیبرپختونخوا دل جان خان بھی موجود تھے جنہوں نے تمام عمل کی نگرانی کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین دل جان فائونڈیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایسے وقت میں اپنے دکھی اور مصیبت زدہ بھائی بہنوں کی مدد کیلئے پہنچیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ملک کے تمام سیلاب متاثرین سے ہمدردی ہے اور جہاں جہاں بھی ہماری پہنچ ہو گی ہم اپنے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے پہنچیں گے، ان کا کہنا تھا کہ دل جان فائونڈیشن اپنے پلیٹ فارم سے متاثرین سیلاب کی ہر ضرورت کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے ملک بھر کے مخیر حضرات، عوام سے اپیل بھی کی کہ اس مشکل گھڑی میں جو جتنا بھی سیلاب متاثرین کیلئے کرسکتا ہے آگے بڑھے اور کرے کیونکہ بطور مسلمان بھی ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم مشکل میں گھر اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ دل جان فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، بیوگان، یتیموں اور بے آسرا لوگوں کی مدد، علاج اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں لگی ہوئی ہے، دل جان فائونڈیشن ان تمام فلاحی کاموں کے علاوہ مستحق طلبا کو سکالرشپ جاری کرتی ہے اور بے روزگار افراد کو فراہمی روزگار کیلئے بھی کوشاں ہے۔