عزت و مقام کا راز: لوگوں کی ضرورت بن جائیں
دوسروں کے درمیان جگہ حاصل کرنے کا راز صرف ایک ہے… آپ دوسروں کی ضرورت بن جائیں۔ اگر آپ دوسروں کو یقین دلا دیں کہ آپ ان کی ضرورت ہیں تو دوسروں کے لیے ناممکن ہو جائے گا کہ وہ آپ کو نظر انداز کریں۔
ایک تعلیم یافتہ نوجوان کی شادی ہوئی۔ بیوی آئی تو وہ شکل و صورت کے اعتبار سے گھر والوں کے معیار سے کم تھی۔ چنانچہ نوجوان کی بہنوں نے اس کو ناپسند کیا۔ ہر ایک اس کو حقیر نظروں سے دیکھنے لگا۔ سب کے نزدیک وہ ایسی بن گئی جیسے کہ وہ کوئی نامطلوب چیز ہے جو گھر کے اندر غیر ضروری طور پر داخل ہو گئی ہے۔
خاتون اگرچہ شکل و صورت کے اعتبار سے زیادہ اچھی نہ تھی ‘ مگر وہ عقل کے اعتبار سے کافی سمجھ دار تھی۔ اس نے لوگوں کے سلوک کا برا نہ مانا۔ وہ جانتی تھی کہ شکل و صورت وقتی چیز ہے اور زیادہ پائیدار چیز انسان کا عمل ہے۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اگرچہ صورت کے اعتبار سے گھر والوں کے لیے محبوب نہ بن سکی‘ مگر وہ عمل کے اعتبار سے گھر والوں کے لیے محبوب بنے گی۔
اس نے خاموشی سے گھر کا سارا کام سنبھال لیا۔ گھر کی دیکھ بھال‘ مہمانوں کی خدمت ‘ باورچی خانے کا انتظام‘ ہر ایک کی ضرورت فرمائش کے بغیر پوری کرنا‘ یہ اس کا روزانہ کا معمول بن گیا۔ اس نے گھر کے ہر کام کو اپنی ڈیوٹی سمجھ لیا‘ خواہ اس کے لیے اس سے کہا گیا ہو یا نہ کہا گیا ہو۔
خاتون نے زبان سے کچھ نہیں کہا اور نہ کسی کی بات کا جواب دیا۔ اس نے ساری توجہ صرف اپنے عمل پر لگا دی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بہت جلد گھر کی فضا بدلنے لگی۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ جس گھر میں وہ ایک نامطلوب شخصیت بنی ہوئی تھی وہاں وہ لوگوں کے درمیان سب سے مطلوب شخصیت بن گئی۔
یہی راز زندگی کا ہے ۔ گھر کا معاملہ ہو یا بستی کا معاملہ یا پورے ملک کا معاملہ‘ ہر جگہ عزت کا مقام حاصل کرنے کا واحد بے خطا راز یہ ہے کہ آپ یہ ثابت کر دیں کہ آپ لوگوں کی ضرورت ہیں اور لوگ یقینی طور پر آپ کو نہ صرف عزت کا مقام دیں گے بلکہ وہ آپ کے پرستار بھی بن جائیں گے۔