حج افتتاحی تقریب میں مفتی عبدالشکور کا خطاب
سعودی سرزمین پر منعقدہ سال 2022 کے حج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس بابرکت ریاست کا شکریہ ادا کرے جو سال بھر حجاج و معتمرین اور زائرین کی آسائش و آسانی کی خاطر مشکلات برداشت کرتی ہے، اس کی مدد کرنا اور اس کا شکریہ ادا کرنا، اور ان کا احسان لوٹانا واجب ہے۔
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پیغمبرانہ ہدایت میں سے ہے کہ جو تمہارے ساتھ بھلائی کرے تم اس کا بدلہ دو، اگر تم بدلہ دینے کیلئے کچھ نہ پاؤ تو اس کے کے حق میں اس وقت تک دعا کرتے رہو جب تک کہ تم یہ نہ سمجھ لو کہ تم اسے بدلہ دے چکے۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ مسلمانوں کے مقدسات کا خیال رکھے اور حجاج کرام کو تحفظ فراہم کرنے میں سعودی عرب کے اقدامات کی حمایت کرے۔
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ مملکت سعودی عرب بابرکت ملک ہے جس کی خیر دنیا بھر میں چھائی ہوئی ہے، دنیا میں کوئی مسلمان ملک نہیں جس پر سعودی عرب کا فضل و احسان نہ ہو، چاہے وہ اس بات کو محسوس کرے یا نہ کرے۔
وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج مباحثہ سے عربی میں خطاب کیا جسے عرب حکام کی طرف سے توجہ سے سنا گیا اور نامور عرب سکالر نے ستائش کی، یہی وجہ ہے کہ ان کے مختصر خطاب کو عرب میڈیا میں خوب کوریج ملی ہے عرب میڈیا نے اردو سب ٹائل کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم سے اسے نشر کیا ہے۔
واضح رہے وزیر مذہبی مفتی عبدالشکور حج انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے ہیں، ہوٹل میں حجاج کیلئے انتظام اور کھانے کے معیار کے حوالے سے ان کی کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، سوشل میڈیا کی طرف سے مفتی عبدالشکور کی سرگرمیوں کو پسند کیا گیا ہے، اب کی اطلاعات کے مطابق حج انتظامات کو مثالی قرار دیا جا رہا ہے جس کی اہم وجہ مفتی عبدالشکور کی بہترین منصوبہ بندی ہے۔