وفاق المدارس کی سودی بینکوں کے بائیکاٹ کی اپیل
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے حکومت پاکستان، اسٹیٹ بینک اور دیگر چار نجی بینکوں کی طرف سے سود کے بارے میں شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سود کے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کرنے والے بینکوں کا بائیکاٹ کریں۔
مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ ہمارے معاشی بحران کی جڑ سودی نظام معیشت ہے۔ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ شریعت کورٹ کا فیصلہ ایک گولڈن چانس تھا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی نظام معیشت کی سود سے تطہیر کی سنجیدگی سے کوشش کی جاتی لیکن بدقسمتی سے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی۔
مولانا محمد حنیف جالندھری نے مطالبہ کیا کہ فی الفور یہ اپیل واپس لی جائے اور سود سے نجات حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔ مولانا جالندھری نے کہا صدر وفاق حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جس میں زندگی کے تمام شعبوں اور طبقات کی نمائندگی ہو اور معاشی و اقتصادی ماہرین کی مہارتوں سے استفادہ کرکے ملک و قوم کو معاشی بحرانوں اور سودی نظام مالیات سے چھٹکارا دلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سودی کاروبار اللہ ربّ العزت اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ ہے۔ اللہ ربّ العزت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مدارس و مساجد کے ذمہ داران سے خصوصی طور پر اپیل کی کہ وہ بینکوں کی اپیل کا فوری نوٹس لیں۔