انگلش ٹیم کے سپنر عادل رشید فریضہ حج ادا کریں گے

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر عادل رشید بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز اور اپنی کائونٹی یورکشائر کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے بقیہ میچوں کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، مسلمان کھلاڑی عادل رشید رواں سال حج کی ادائیگی کیلئے مکہ روانہ ہو رہے ہیں جس کے لئے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انہیں چھٹی دے دی ہے۔

عادل رشید جو آج مکہ کیلئے روانہ ہوں گے، ان کی واپسی جولائی کے وسط میں متوقع ہے جولائی میں ہی انگلینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے، اس حوالے سے عادل رشید کا کہنا ہے کہ میں ایک طویل عرصے سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سوچ رہا تھا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کے شیڈول اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے وقت نہیں نکال پا رہا تھا تاہم اس سال میں نے پکا ارادہ کیا ہوا تھا اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے اب میں حج کیلئے روانہ ہو رہا ہوں۔

اس موقع پر عادل رشید نے کہا کہ یہ میرے لئے سب سے اہم لمحہ ہے کہ میں اللہ کے گھر حاضری دوں گا، اللہ پاک میری اور تمام مسلمان جو فریضہ حج کیلئے جا رہے ہیں ان کی حاضری کو قبول فرمائے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button