قبرستان، جہاں محمد نام کے 400 محدثین دفن ہیں
ابو طلحہ محمد اظہار الحسن محمود لکھتے ہیں کہ ہم پرانے سمرقند گئے … جہاں پرانی طرز کے پتھروں سے بنے ہوئے مکانات تھے۔ اس پورے علاقے میں انوارات کی بارش عام آدمی بھی محسوس کر سکتا تھا… ہمارے اسلاف نے یہاں جنم لیا اور انہی فضاؤں میں پرورش پائی اور پھر اپنی تقویٰ بھری زندگیاں گزارکر اپنے رب کے حضور جا پہنچے۔ اسی علاقے میں ایک گھر میں حضرت امام اہلسنت ابومنصور ماتریدی رحمۃ اللہ علیہ کا مزار تھا۔
یہاں سے قریب وہ مشہور قبرستان ہے جسے محدثین کا قبرستان کہتے ہیں جہاں پر دفن ہونے والوں کے لیے دو شرائط تھیں۔
1 …مرحوم اپنے وقت کا مسلمہ محدث و مفسر ہو۔
2 …مرحوم محدث کا نام محمد ہو۔
انتظامیہ کے لوگ ان شرائط کی اس قدر پابندی کیا کرتے تھے کہ فقہ کی مشہور و معتبر کتاب الھدایہ کے مصنف قاضی برہان الدین المرغینانی رحمۃ اللہ علیہ جیسی عبقری شخصیت کو لوگوں نے یہاں دفن کرنا چاہا مگر اس وجہ سے انتظامیہ نے انکار کر دیا کہ ان کا نام محمد نہیں تھا۔
یاد رہے اس مبارک قبرستان میں محمد نامی محدثین و مفسرین کی چار سو قبور تھیں۔