صبح کو قیمتی نعمت سمجھ کر نئے امکان تلاش کریں

ایک تاجر سے پوچھا گیا: کامیابی کیا ہے؟ اس نے جواب دیا:
When you wake up in the morning jump of bed and shout: Great, another day. Then you are a success.
صبح کے وقت جب تم جاگو تو کود کر بستر سے نکلو اور چلا کر کہو: عظیم، دوسرا دن۔ تب تم کامیاب ہو۔

حقیقت یہ ہے کہ رات کے بعد ایک نئی صبح کو طلوع ہونا عظیم ترین چیز ہے۔ کیونکہ وہ ہم کو کام کا ایک اور دن دیتا ہے۔ جس شخص کے اندر کام کا واقعی جذبہ ہو وہ ایسے ایک دن کو پا کر اچھل پڑے گا اور جو شخص کام کا دن پا کر اچھل پڑے وہی اس دنیا میں کوئی بڑا کام کر سکتا ہے۔

زمین پر رات اور دن کا باری باری آنا ساری معلوم کائنات میں ایک انوکھا واقعہ ہے۔ کیونکہ وسیع کائنات میں یا تو سورج جیسے ستارے ہیں جو آگ کے بہت بڑے الاؤ کی مانند ہیں۔ اور ان میں انسان جیسی زندگی ممکن نہیں۔ اس کے بعد جو سیارے یا سیارچے ہیں۔ مثلاً مریخ یا چاند، ان کی گردش زمین کے برعکس صرف یک طرفہ ہے۔ یعنی وہ صرف اپنے مدار پر گھومتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ان کے ایک حصے پر مستقل رات اور دوسرے نصف پر مستقل دن رہتا ہے۔

زمین وہ استثنائی کرہ ہے جو اپنے مدار پر گھومنے کے علاوہ اپنے محور پر بھی گھومتا ہے۔ اس کی وجہ سے اس پر رات اور دن باری باری آتے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا حیرت انگیز نظام ہے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے انسان کو یہ موقع دیا ہے وہ دن کے اوقات میں کام کرے اور رات کو اپنی تھکان مٹائے۔

آدمی اگر اس پورے نظا م پر غور کرے تو زمین پر رات کے بعد دن کا آنا اس کو اتنا عجیب معلوم ہو گا کہ صبح ہوتے ہی وہ واقعتا بستر سے کود کر کھڑا ہو جائے گا اور خدا کا شکر ادا کرے گا کہ اس نے اس کو کام کا قیمتی موقع عطا فرمایا۔ جو لوگ صبح کو ایک قیمتی نعمت سمجھیں وہی لوگ اپنی صبح کو ایک نئے امکان کے طور پر استعمال کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button