دستیاب مواقع سے کیسے فائدہ اٹھائیں؟

امریکہ میں ان انتہائی بڑے بڑے تاجروں کا مطالعہ کیا گیا ہے جو ترقی کے بلند ترین مقام پر پہنچے ہیں۔ ان کی غیر معمولی ترقی کا راز کیا ہے، اس سلسلے میں مختلف باتیں کہی گئی ہیں۔ بڑھی ہوئی محنت، کام کی اتنی دھن کہ بیوی بچے، چھٹی، تفریح، تما م چیزیں ثانوی بن جائیں وغیرہ۔

تاہم ان کی بڑی بڑی ترقیوں میں جو چیز فیصلہ کن طور پر اہم ترین ہے وہ ایک تخلیق کرنے والے کے الفاظ (ریڈرز ڈائجسٹ، مئی 1982ء) میں یہ ہے کہ ایسے لوگ مواقع کو پہچاننے کے ماہر ہوتے ہیں۔ اپنی ترقی کے کسی بھی موقع کو فوراً استعمال کرنے سے وہ کبھی نہیں چوکتے۔
They are masterful opportunited keenly alert to any chance for personal advancement.
حقیقت یہ ہے کہ بڑی بڑی ترقی کے مواقع عین وقت پر استعمال کرنے ہی کا دوسرا نام ہے۔

خواہ یہ شعوری طور پر ہو یا اتفاقی طور پر۔ آدمی خواہ کسی بھی میدان میں ہو، اس کو ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے اور جب کوئی موافق موقع سامنے آئے تو فوراً اس کو استعمال کرنا چاہیے۔ کیونکہ ایک موقع ہمیشہ صرف ایک بار آتا ہے، وہ دوسری بار کبھی نہیں آتا۔ جس نے کسی موقع کو پہلی بار کھو دیا اس نے گویا ہمیشہ کے لیے اسے کھو دیا۔

نئے مواقع بالکل چھپے ہوئے نہیں ہوتے، ان کا اندازہ بہت سے لوگوں کو ہو جاتا ہے۔ مگر آگے بڑھ کر ان کو استعمال کرنے والے ہمیشہ بہت کم ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے مواقع کو استعمال کرنے میں ہمیشہ کچھ خطرے کا پہلو بھی ہوتا ہے۔

اس کا نتیجہ ایک مستقبل کی چیز ہوتا ہے اس لیے اس کے ساتھ امید اور اندیشہ دونوں ہی لگے ہوتے ہیں، جو لوگ کاہلی کرتے ہیں یا سوچ بچار میں رہتے ہیں، وہ محروم رہ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس جو لوگ مستعدی دکھاتے ہیں اور خطرہ مول لے کر آگے بڑھتے ہیں، وہ کامیاب رہتے ہیں۔

امکانات کو پہچانئے، کوئی موقع پیدا ہو تو فوراً اس کو استعمال کیجئے، آپ یقیناً بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button