سڑک کا سفر زندگی کے سفر کا معلم
شہر کی مصروف سڑکوں پر ہر وقت حادثہ کا خطرہ رہتا ہے۔ چنانچہ ٹریفک کی رہنمائی کے لیے سڑکوں پر مختلف ہدایات لکھ دی جاتی ہیں۔ ان ہدایات میں ایک یہ ہے کہ پٹڑی پر چلنا محفوظ چلنا ہے۔
Lane driving is safe driving
یعنی آدمی اگر پٹڑی کا پابند رہتے ہوئے اپنی سواری چلائے تو وہ اپنے آپ کو حادثات سے بچا سکتا ہے۔ وہ اس خطرے سے محفوظ رہ سکتا ہے کہ دوسری گاڑیوں سے اس کا ٹکراؤ ہو اور وہ اپنی منزل کی طرف بڑھنے کی بجائے قبرستان کی طرف بڑھنے پر مجبور ہو جائے۔
لندن کے ایک ڈرائیور نے ایک بار ایک مضمون شائع کیا۔ اس میں اس نے ٹریفک کے مختلف اصول بتائے ۔ اس نے اپنے علم اور تجربے کی روشنی میں بڑی عجیب عجیب باتیں لکھیں۔ مثلاًاس نے لکھا کہ آپ اپنی گاڑی سڑک پر دوڑاتے ہوئے چلے جا رہے ہیں کہ اچانک سائیڈ کی گلی سے ایک گیند سڑک پر آ گئی۔ یہ گیند دیکھ کر آپ کو جاننا پڑتا ہے کہ اس کے پیچھے ایک بچہ بھی آ رہا ہو گا ۔ اگر آپ صرف ’’گیند‘‘ کو دیکھیں اور ’’بچے‘‘ کو نہ دیکھیں تو آپ اچھے ڈرائیور نہیں ہیں۔ اچھا ڈرائیور وہ ہے جو گیند کو دیکھتے ہی بچہ کو بھی دیکھ لے، اگرچہ اس وقت بظاہر بچہ اس کی آنکھوں کے سامنے نہ ہو۔ اگر ڈرائیور نے گیند کو دیکھ کر اپنی گاڑی کو بریک نہیں لگائی تو یقینی ہے کہ اگلے لمحہ اس کی گاڑی سڑک پر ایک بچے کو کچل چکی ہو گی۔
سڑک کا سفر زندگی کے سفر کا معلم ہے۔ آدمی اگر چاہے تو سڑک کے سفر سے وہ سب کچھ سیکھ سکتا ہے جو اس کو زندگی کے زیادہ بڑے سفر کے لیے درکار ہے۔
اپنی سرگرمیوں کو ہمیشہ اپنے دائرہ میں محدود رکھئے۔ اگر آپ نے دوسرے کے دائرہ میں مداخلت کی تو فوراً اس سے آپ کا ٹکراؤ شروع ہو جائے گا جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ آپ کا جاری سفر رک جائے گا۔ اجتماعی زندگی میں جب خارج سے ایک علامت ظاہر ہو تو یہ جاننے کی کوشش کیجئے کہ اس علامت کے پیچھے اور کیا باتیں ہیں جو اگرچہ موجود ہیں لیکن بروقت وہ دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔ اگر آپ نے صرف دکھائی دینے والی چیزوں کو دیکھا اور جو چیزیں دکھائی نہیں دے رہیں ان سے بے خبر رہے تو مقابلہ کی دنیا میں آپ کبھی کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔