قدرت کے نقشہ سے مطابقت کا نام تعمیر ہے

اگر آپ امریکہ جائیں اور وہاں سے کینیڈا کی طرف سفر کریں تو آپ دیکھیں گے کہ امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر دونوں ملکوں کے جھنڈے ایک ساتھ لہرا رہے ہیں۔ پاس ہی ایک بورڈ ہے جس کے اوپر بڑے بڑے حرفوں میں لکھا ہوا ہے… ایک ہی ماں کی اولادیں۔

یہ بات جو امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر کھلے بورڈ کے اوپر لکھی گئی ہے، یہی بات تمام دوسرے ملکوں کی سرحدوں پر چھپے بورڈوں میں نہ دکھائی دینے والے حرفوں میں لکھی ہوتی ہے۔ یہ دوسرا بورڈ وہ ہے جو قدرت کی طرف سے لگایا گیا ہے۔ پہلا بورڈ انسانی ہاتھوں نے لکھا ہے ،دوسرا بورڈ خدا کی طرف سے ہے۔

جدید تحقیقات جو مالی کیولر حیاتیات میں ہوئی ہیں ان سے جنینی شہادت کے ذریعے خالص سائنسی سطح پر یہ ثابت ہوا ہے کہ تمام دنیا کے لوگ ایک ہی عظیم خاندان کاحصہ ہیں۔ سب ایک ہی مشترکہ ماں باپ تعلق رکھتے ہیں۔

ایسی حالت میں گویا حقیقی واقعہ وہی ہے جو مذکورہ بورڈ پر امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر نصب کی گئی ہے۔ وہی معاملہ تمام قوموں کا ہے جس کاا علان امریکہ اورکینیڈا نے اپنے یہاں کیا ہے۔ حیاتیاتی حقیقت کا تقاضا ہے کہ ہرقوم اپنے یہاں وہی الفاظ لکھے جو امریکہ اور کینیڈا نے اپنے یہاں لکھ رکھا ہے۔

یہی موجودہ دنیا میں انسان کا امتحان ہے۔ یہاں آدمی کو اپنے آزاد ارادے سے وہی کام کرنا ہے جو قدرت نے لازمی قانون کے تحت پیشگی طور پر مقدر کر دیا ہے۔ جو چیز قدرت نے اپنے مخفی قلم سے لکھی ہے، اسے انسان کو اپنے ہاتھ سے اپنے صفحہ حیات پر لکھنا ہے۔ قدرت کے اپنے منصوبہ کے تحت چیزوں کی جو سکیم ہے اس کے مطابق اپنے شعور اور عمل کو ڈھال لینا ہے۔ قدرت کے نقشہ سے مطابقت کا نام تعمیر ہے اور قدرت کے نقشہ سے عدم مطابقت کا نام تخریب ۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button