زندگی کی 24 مشکلات کا نبوی حل

حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور عرض کی میں آپ سے دنیا و آخرت کے بارے میں کچھ پوچھنا چاہتا ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو چاہو پوچھو!
٭ اس نے کہا: اے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں چاہتا ہوں کہ سب سے بڑا عالم بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ سے ڈر تو بڑا عالم بن جائے گا۔
٭اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ سب سے مالدار بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قناعت اختیار کر! تو سب سے بڑا مالدار بن جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ سب سے اچھا انسان بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھا انسان وہ ہے جو لوگوں کو نفع پہنچائے تو لوگوں کو نفع پہنچا، اچھا آدمی بن جائے گا۔
٭ اس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ عدل کرنے والا بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو اپنے لیے پسند کرتے ہو وہی دوسروں کے لیے پسند کیا کرو تم بڑے عدل والے بن جاؤ گے۔
٭ اس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ کا خاص بندہ بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے کیا کر! تو اللہ کا خاص بندہ بن جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ بہت نیک بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی عبادت یوں کیا کر کہ تو اسے دیکھ رہا ہے اگر ایسا نہ ہو سکے توکم از کم یوں عبادت کر ‘ کہ اللہ تعالیٰ تجھے دیکھ رہا ہے۔ بڑا عبادت گزار بن جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرا ایمان کامل ہو جائے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنے اخلاق اچھے کر لو تمہارا ایمان کامل ہو جائے گا۔
٭ اس نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ فرمانبردار بن جاؤ؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فرائض باقاعدگی سے ادا کرتے رہو فرماں بردار بن جاؤ گے۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت گناہوں سے پاک اٹھایا جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: غسلِ جنابت خوب اچھی طرح اور جلدی کیا کرو، روزِ قیامت بغیر گناہ کے اٹھائے جاؤ گے۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ روزِ قیامت نور ہی نور میں اٹھایا جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی پر ظلم نہ کرو اور روزِ قیامت نور میں اٹھائے جاؤ گے۔
٭ اس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ میرا رب مجھ پر رحم کرے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو اپنی جان پر اور مخلوق خدا پر رحم کر اللہ تجھ پر رحم کرے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرے گناہ کم ہو جائیں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: استغفار کیا کر تیرے گناہ جھڑ جائیں گے۔
٭اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ لوگوں میں بڑا عزت والا بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کا شکوہ مخلوق کے آگے نہ کیا کر تو بڑا آدمی بن جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ میرا رزق بڑھا دیا جائے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہمیشہ پاک (باوضو) رہا کر، تیرا رزق بڑھا دیا جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا پسندیدہ بن جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس چیز کو پسند کر جسے اللہ، رسول صلی اللہ علیہ وسلم پسند کرتے ہوں اور اس چیز کو ناپسند جان جس کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ناپسند بتائیں۔
٭اس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے بچ جاؤں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی پر غصہ نہ کیا کر، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اور اس کے غصے سے بچ جائے گا۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ مستجاب الدعوات بن جاؤں، میری دعائیں قبول ہونے لگیں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: حرام کھانے سے بچتا رہ تیری دعائیں قبول ہوں گی۔
٭ اس نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے روزِ قیامت سب بندوں کے سامنے رسوا نہ کرے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنی شرمگاہ کی حفاظت کر، اللہ تعالیٰ تجھے بندوں کے سامنے رسوا نہیں کرے گا۔
٭ اس نے کہا : میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میرے عیب چھپا لے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو اپنے بھائیوں کے عیب چھپا لے اللہ تعالیٰ تیرے عیوب لوگوں سے چھپائے گا۔
٭ اس نے کہا: اللہ تعالیٰ کن چیزوں کے ساتھ بندوں کی خطاؤں کو مٹا دیتا ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نادم ہو کر رونے، دھونے اور بیماریوں کے ساتھ۔
٭اس نے کہا: کون سی نیکی اللہ تعالیٰ کے ہاں افضل ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھے اخلاق، عاجزی، مصائب پر صبر اور اللہ کے فیصلوں پر راضی رہنا۔
٭ اس نے کہا: کون سی برائی اللہ کے ہاں سب سے بڑھ کر ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: برے اخلاق اور بخل
٭ اس نے کہا: کیا چیز رحمن کے غضب کو ٹھنڈا کر دیتی ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: چپکے چپکے صدقہ کرنا، صلہ رحمی کرنا۔
٭ اس نے کہا: کیا چیز نارِ جہنم کو بجھا دیتی ہے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: روزہ۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button