آپ کی کمزوریاں ہی ناکامی کی اصل وجہ ہیں

رابرٹ امیان روس کا مشہور کھلاڑی تھا۔ وہ لمبی چھلانگ لگانے کا چیمپئن سمجھا جاتا تھا۔ وہ 15فروری 1965ء کو پیدا ہوا اور عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی۔

ایک ہندوستانی صحافی مسٹر وی کرشنا سوامی نے رابرٹ امیان کا مفصل انٹرویو کیا تھا۔ یہ انٹرویو ٹائمز آف انڈیا (5اپریل 1988ء) کو شائع ہوا تھا۔ مسٹر کرشنا سوامی نے روسی چیمپئن سے پوچھا کہ بین الاقوامی کھیل میں جب آپ شرکت کرتے ہیں تو اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے آپ کیا کرتے ہیں؟

رابرٹ نے جواب دیا:
"The most important is to get rid of the defeats which prevent me from improving my performance. My coach and I know that I have reserves which we must put to use.”

سب سے اہم بات اپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہے جو میری کارکردگی کو اچھا بنانے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ میرے استاد اور میں دونوں جانتے ہیں کہ میرے اندر محفوظ صلاحیتیں ہیں جن کو ہمیں استعمال میں لانا ہے۔

رابرٹ امیان نے کھیل میں کامیابی کو جو راز بتایا تھا وہی وسیع تر زندگی میں بھی کامیابی کا راز ہے۔ زندگی کے مقابلہ میں جب بھی کوئی شخص ناکام ہوتا ہے تو وہ خود اپنی کمزوریوں کی وجہ سے ناکام ہوتا ہے ۔ اپنی داخلی کمزوریوں کو جاننا اور ان کو دور کرتے ہوئے زیادہ بہتر تیاری کے ساتھ میدان عمل میں داخل ہونا، یہی اس دنیا میں کامیابی کا واحد راز ہے۔

موجودہ دنیا میں جو شخص بھی کامیاب ہوتا ہے اور جو بھی ناکام ہوتا ہے، وہ اسی لیے ناکام ہوتا ہے کہ وہ اس شرط کو پورا کرنے میں ناکام ہوا تھا۔ ناکام وہ ہے جو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال میں ناکام رہے اور کامیاب وہ ہے جو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال میں کامیاب ثابت ہو۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button