عامر لیاقت کی شادیاں، تصویر کا دوسرا رخ پرکشش ہے
عامر لیاقت نے اگرچہ تین شادیاں کی ہیں مگر انہوں نے پہلی بیویوں کو کروڑوں روپے کا مالی فائدہ پہنچایا ہے تاکہ بچوں کے تعلیمی اخراجات اور کفالت ہوتی رہے
معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت کی تیسری شادی کے بعد لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کی تیسری بیوی دانیہ شاہ کی عمر 18 سال ہے، اس لئے لوگ کم عمر لڑکی کو بیوی بنانے پر بھی اعتراض کر رہے ہیں، گزشتہ دو روز سے عامر لیاقت سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔
یہ تصویر کا ایک رخ ہے جسے بنیاد بنا کر کئی لوگ عامر لیاقت پر کیچڑ اچھال رہے ہیں تاہم تصویر کا دوسرا رخ خوبصورت ہے جسے دیکھنے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے۔ تنقید کرنے والوں کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ عامر لیاقت نے دوسری شادی کر کے پہلی بیوی سے زیادتی کی ہے جبکہ تیسری شادی کر کے دوسری بیوی سے زیادتی کی ہے۔
اس ضمن میں پہلی بات تو یہ ہے کہ ہمیں کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، ہم کون ہوتے ہیں جو دوسروں کی بیوی، بہو کو موضوع گفتگو بنائیں،کیا ہم اپنی بہن بیٹیوں کے بارے ایسی باتیں سننا گوارہ کریں گے؟ ہرگز نہیں! تو پھر دوسروں کی خواتین کو سربازار زیر بحث لانے سے پہلے بھی ہمیں سوچنا چاہئے۔
تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ عامر لیاقت نے پہلی اور دوسری بیوی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی ہے اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ عامر لیاقت نے باقاعدہ نکاح کیا ہے اور نکاح کوئی جرم یا گناہ نہیں ہے حتیٰ کہ پہلی بیوی سے اجازت لینے کی بھی شرعی طور پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ جب یہ درست ہے تو پھر پہلی بیویوں کےساتھ زیادتی کیسے ہو گئی؟
عامر لیاقت نے پہلی بیویوں کے ساتھ حتی الامکان نیکی کی ہے اس کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران دونوں بیویوں کی تعریف کر کے کیا ہے۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ انہوں نے تاحال طلاق کے کاغذات پر دستخط نہیں کئے ہیں مگر پاکستانی قانون کے مطابق انہیں طلاق ہو گئی ہے بعدازاں جس کا اعلان پہلی بیویوں نے خود کر دیا ہے۔
عامر لیاقت کے مطابق انہوں نے پہلی بیوی اور بچوں کی خاطر 8 کروڑ روپے مالیت کا ایک گھر جبکہ 2 کروڑ روپے مالیت کا دوسرا گھر دیا ہے۔ اسی طرح بیش قیمت گاڑی فروخت کر کے اس کی قیمت بھی پہلی اہلیہ کو دی ہے۔ عامر لیاقت نے کہا کہ پہلی بیوی کے ساتھ ان کا دیرینہ تعلق ہے جسے وہ اب بھی نبھا رہے ہیں، پہلی بیوی کے والد کی وفات پر ان کی تجہیز و تکفین اور عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ان کی تدفین کے سارے معاملات میں نے ہی پورے کئے تھے۔
عامر لیاقت نے کہا کہ دوسری بیوی طوبیٰ انور کے ساتھ بھی انہوں نے نیکی کرنے کی کوشش کی ہے، 65 لاکھ روپے کی گاڑی اور دیگر لاکھوں کے تحائف دیئے تاہم وہ انہیں گھر نہ دے سکے۔ کیونکہ طوبیٰ کے ساتھ ان کی شادی محض ڈھائی سال تک چلی۔ عامر لیاقت نے اپنی دوسری بیوی طوبیٰ انور سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے شادی سے پہلے انہیں کوئی نہیں جانتا تھا تاہم اب وہ بلندیوں پر ہیں۔
عامر لیاقت نے دانیہ شاہ سے اپنی شادی کو آخری شادی قرار دیا کہ اب وہ ڈھلتی عمر میں شادی نہیں کر پائیں گے۔
یہ تصویر کا دوسرا رخ ہے اسے پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ بھلے عامر لیاقت نے تین شادیاں کی ہیں مگر انہوں نے کسی بھی بیوی کےساتھ زیادتی نہیں کی ہے، تنقید کرنے والوں کو تصویر کا یہ رخ بھی دیکھنا چاہئے۔