اسلام آباد میں 25 منزلہ اوکٹا ٹاور بنانے کی تیاریاں

پرل رئیل اسٹیٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (PREH) ہاشو گروپ، اور AAA ایسوسی ایٹس نے ایک فلیگ شپ پروجیکٹ AAA اوکٹا ٹاورکی مشترکہ طور پرتعمیرو نگرانی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اسلام آباد میریٹ ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران شہریار سلیم چیف آپریٹنگ آفیسر PREH ، اور فاروق بشیر، چیف اسٹریٹجی اینڈ ڈیولپمنٹ آفیسر AAA نے معاہدے کی دستاویز پر دستخط کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہریار سلیم نے پرل رئیل اسٹیٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنی ہاشو گروپ کے پراپرٹی ڈویلپمنٹ ڈویژن کی نمائندگی کرتی ہے اور قومی اور بین الاقوامی منصوبوں کے لیے پراجیکٹ اور کنسٹرکشن مینجمنٹ کے لیے کنسلٹنسی سروس فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاشو گروپ کے ڈپٹی چیئرمین اور سی ای او جناب مرتضیٰ ہاشوانی کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے PREH اپنے کلائنٹس کے لیے نئے اور چیلنجنگ پراجیکٹس شروع کر کے اس شعبے کو مزید وسعت دینے اور ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
فاروق بشیر نے اس موقع پر کہاکہ AAA اوکٹا ٹاور، اسلام آباد میں ایک 25 منزلہ، اعلیٰ معیاری کثیر المقاصد عمارت ہوگی جو نہ صرف شہر کی بلند ترین عمارتوں میں سے ایک ہوگی بلکہ اپارٹمنٹس، فائیوسٹار پرل کانٹی نینٹل ہوٹل اور لگژری سویٹس، شاپنگ مال،دفاتر اور تفریحی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک ایگزیکٹو کلب پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ PREH کے تعاون سے یہ واقعی ایک جدید ترین عمارت بن جائے گی اور یہ جدید فن تعمیر اور ڈیزائن کا نمونہ پیش کریگی۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button