ڈراموں کو حقیقی زندگی پر قیاس نہ کریں

ازدواجی زندگی میں بہت سی باتیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں، جوائنٹ فیملی میں یہ مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔ شادی کے بعد خاتون کو کوشش کرنی چاہئے کہ وہ سسرال والوں کے مزاج جان لے، ساس سسر، نندیں اور دیوروں کے مزاج کو نہ جاننے کی وجہ سے آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آپ جس گھر سے گئی ہیں دوسرے گھر کے افراد کا مزاج اس کے مختلف ہو گا سو کوشش کریں کہ سسرال میں اپنے گھر کی مثالیں کم دیں، بہت سی لڑکیاں نادانستہ طور پر اپنے سسرال میں والدین کی آسائش کا ذکر کرتی ہیں یا کہہ دیتی ہیں کہ ہمارے ہاں تو ایسا ہوتا رہا ہے، وہ بھول جاتی ہیں کہ آپ جس ماحول میں پلی بڑھی ہیں سسرال کا ماحول سے اس سے بالکل مختلف ہے۔

اپنی سوچ سسرال پر مسلط کرنے کی بجائے ان کے ماحول کو اپنانے کی کوشش کریں، آپ ٹھان لیں کہ جس گھر میں آپ کی شادی ہوئی ہے وہ آپ کیلئے بالکل نیا ماحول ہے اور نئے ماحول میں اپنے آپ کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے آپ کو محنت بھی کرنی پڑ سکتی ہے۔ آج کی ماڈرن لڑکیاں سسرال والوں کو اپنی بات ماننے پر مجبور کرتی ہیں یہاں سے غلطی کی ابتدا ہوتی ہے، آپ کو چاہئے کہ سسرال میں ہونے والی ہر بات کو خواہ مخواہ میں انا کا مسئلہ نہ بنائیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں جب آپ مسائل کو سمجھ جائیں گی تو آپ کو معلوم ہو گا کہ مسئلہ آپ کی طرف تھا۔

بہت سی لڑکیاں اپنے تئیں عقل مند بننے کی کوشش کرتی ہیں حالانکہ صاف دکھائی دے رہا ہوتا ہے کہ وہ غلطی پر ہیں اور وقت سے پہلے بڑا بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سسرال میں بڑا بننے کی حماقت نہ کریں بلکہ فیصلے کا اختیار سسرال والوں پر دے دیں ظاہر کریں کہ ان کی ہر بات آپ کو قبول ہے اس طرح آپ سسرال میں اپنا مقام بنانے کی پوزیشن میں ہوں گی۔ آپ کی ساس آپ پر اعتماد کرے گی، شوہر کے ذریعے ساس اور نندوں کو کنٹرول کرنے سے گریز کریں، شوہر کبھی بھی اپنی ماں اور بہنوں کے خلاف نہیں جائے اس کا الٹا نقصان یہ ہو گا کہ آپ اپنا مقام کھو دیں گی۔

ڈراموں میں دیکھی باتوں کو عملی زندگی میں کبھی بھی آزمانے کی کوشش نہ کریں ڈراموں میں جو کچھ دکھایا جاتا ہے وہ کردار ہوتا ہے، فنکاروں کو اس کے پیسے ملتے ہیں، حقیقی زندگی اس سے بہت مختلف ہوتی ہے۔ کامیاب ازدواجی زندگی چاہتی ہیں تو شادی کے ابتدائی سال بڑوں کی مان کر چلیں اور ایسے بڑوں سے دور رہیں جو آپ کی خوشیوں کے در پئے ہوں، بہت سے لوگ ہوتے ہیں جو آپ سے خیر خواہی ظاہر کر کے آپ سے بات نکلواتے ہیں اور پھر آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، آپ یہ بات ذہن میں بٹھا لیں کہ ازدواجی زندگی کسی کے کہنے پر خراب نہیں کرنی ہے۔

جن نعمتوں سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو نواز رکھا ہے آپ اس پر خدا کا شکر ادا کریں اور امید رکھیں کہ آپ کی زندگی میں اچھے دن موجود ہیں یا بہت جلد آپ کو قربانی کا صلہ ملنے والا ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button