سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان ہو گیا
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے سردیوں کی چھٹیوں کے اعلان کے بعد صوبوں نے بھی چھٹیوں کا اعلان کر دیا
این سی او سی نے 3جنوری کو موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے تاہم پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 23دسمبر سے 6جنوری 2022ء تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں اور حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔
خیبرپخونخوا حکومت کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میدانی علاقوں میں موسم سرما کی تعطیلات 3 جنوری 2022ء سے 12 جنوری 2022ء تک ہوں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں جہاں پر برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ جاتی ہے وہاں پر موسم سرما کی چھٹیاں 24 دسمبر سے 28 فروری 2022ء تک ہوں گی۔
واضح رہے سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔
بلوچستان میں سردیوں کی چھٹیاں 22دسمبر سے شروع ہو رہی ہیں جو گرم علاقوں میں 31دسمبر تک جاری رہیں گی جبکہ سرد علاقوں میں 15دسمبر سے 28فروری 2022ء تک جاری رہیں گی۔
سندھ حکومت کی طرف سے اعلان میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کی چھٹیاں 20دسمبر سے یکم جنوری تک ہوں گی، تمام سرکاری و نجی اسکول 3جنوری کو کھلیں گے۔
این سی او سی کے اجلاس میں والدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد بچون کو کورونا ویکسین لگوا لیں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھٹیوں کا اعلان کرنے میں تاخیر اس وجہ سے کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین لگائی جا سکے۔
خیال رہے اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم نے سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا تھا اس میں کہا گیا تھا کہ موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز 25دسمبر کو ہو گا مگر بعد میں کہا گیا کہ این سی او سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا ، اس دوران سوشل میڈیا پر شفقت محمود کے میمز بنائے گئے اور طلباء نے جلد چھٹیوں کا مطالبہ کیا تھا۔ آن لائن امتحانات کے وقت بھی شفقت محمود کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔