سابق امام کعبہ اداکاری میں اپنے منصب کو بھول گئے

سعودی عرب میں منعقد ہونے والے تفریحی میلے کی پروموشن کے لیے بننے والی اشتہاری فلم میں سابق امام کعبہ شیخ عادل الکلبانی کی شرکت نے مسلمانوں میں سنسنی پھیلا دی ہے، سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کا مختصر کلپ وائرل ہو رہا ہے ، جس پر مسلمان تنقید کر رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امام کعبہ کا منصب مسلمانوں کے ہاں قابل احترام تصور کیا جاتا ہے، جو شخص اس منصب پر فائز ہوتا ہے مسلمان اس کے احترام کو لازم سمجھتے ہیں، مگر جب صاحب منصب ہی اپنے مقام کو گرا دے تو سب کو تنقید کا موقع مل جاتا ہے، شیخ عادل الکلبانی جدید خیالات کے حامل ہیں ، جس کا اظہار وہ وقتاً فوقتاً کرتے رہتے ہیں ، دو سال قبل انہوں نے ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسیقی کے آلات اور گانا حرام نہیں ہے، حالانکہ اسلام کے نامور علماء موسیقی کو ناجائز اور حرام قرار دیتے آئے ہیں ، اس سے قبل 2010ء میں وہ موسیقی کے حق میں ایک فتویٰ بھی جاری کر چکے ہیں ، تاہم بعد ازاں وہ اپنے اس مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
امر واقعہ یہ ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے شیخ عادل الکلبانی کو جدید خیالات کی بنیاد پر امام کعبہ مقرر کیا تھا، اس تقرری کے پیشِ نظر یہ تھا کہ سعودی عرب کے قدامت پسند معاشرے میں آزادی فکر کی راہ نکالنے میں شیخ عادل الکلبانی کردار ادا کر سکتے ہیں، مگر مخصوص نظریات کے حامل ہونے کی وجہ سے انہیں کچھ عرصہ بعد امام کعبہ کے منصب سے ہٹا دیا گیا۔ تاہم وہ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے، سعودی عرب میں علماء کی بڑی تعدادا شیخ عادل الکلبانی کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتی، جب شہزاد محمد بن سلمان ولی عہد مقرر ہوئے اور انہوں نے جدت کے نام پر سعودی عرب میں اصلاحات کا آغازکیا تو شیخ عادل الکلبانی اپنے مخصوص خیالات کی وجہ سے ایک بار پھر نمایاں ہو گئے، کیونکہ محمد بن سلمان بھی ایسے ہی خیالات کے حامل ہیں، وہ سعودی عرب میں سینما اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کو ریاستی سرپرستی میں کروا رہے ہیں۔ یہ درست ہے کہ سعودی عرب میں لوگوں کی بڑی تعداد محمد بن سلمان کے ترقی پسند اقدامات سے متفق نہیں ہے مگر وہ کھل کر مخالفت نہیں کر سکتے ہیں۔ اب سابق امام کعبہ شیخ عادل الکلبانی کی شوبز میں انٹری دیکھ کر مسلمانوں کے دل دکھی ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر انہی جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ سابق امام کعبہ کو اپنے منصب کا احترام کرنا چاہیے تھا ، معروف شاعر الطاف حسین حالی نے شاید ایسے ہی مواقع کے لیے کہا کہ
؎پستی کا کوئی حد سے گزرنا دیکھے

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button