کرکٹر رضوان کے اصلاحی تعلق کا انکشاف
پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین محمد رضوان کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ہیں کہ وہ عالم اسلام کی معروف روحانی و علمی شخصیت مفتی سید مختار الدین شاہ کے مرید ہیں، ان کی صحبت کا اثر ہے کہ محمد رضوان دوران میچ بھی نماز قضا نہیں کرتے ہیں، محمد رضوان سے جب بھی ان کی بہترین کارکردگی بارے سوال کیا جاتا ہے تو وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، کیونکہ ان کی تربیت ہی اس انداز سے ہوئی ہے کہ کامیابی کو اپنی ذات سے منسوب کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی عطا تصور کرنا ہے۔
محمد رضوان روحانی تربیت کیلئے اکثر بیشتر خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے کربوغہ شریف جاتے رہتے ہیں اس کی تائید معروف عالم دین اور البرہان کے ڈائرکٹر سید عدنان کاکا خیل کے بیان سے بھی ہوتی ہے جو انہوں نے محمد رضوان کی جانب سے دروان میچ نماز پڑھنے کے فوری بعد دیا تھا۔ مفتی سید عدنان کاکا خیل نے کہا تھا کہ مجھے کرکٹ سے دلچسپی نہیں ہے مگر رضوان کا کھیل کے میدان میں نماز کا منظر دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ ایک مسلمان کی یہی شان ہے کہ نماز کا وقت آ جائے تو اللہ کے حضور سربسجود ہو جائے۔
سید عدنان کاکا خیل نے انکشاف کیا کہ رضوان سے کئی بار دارالایمان والتقویٰ کربوغہ شریف میں ملاقات ہوئی ہے۔ ماشاءاللہ صالح نوجوان ہے سید عدنان کاکا خیل نے میچ جیتنے پر فتح مبارک کے الفاظ بھی تحریر کئے تھے۔ یاد رہے بھارت سے میچ میں فتح کے بعد بھارتی میڈیا نے بھی رضوان کی طرف سے اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کو سراہتے ہوئے ان کی اور شاہین شاہ آفریدی کی پریس کانفرنس کا ذکر کیا تھا۔
واضح رہے مفتی سید مختار الدین شاہ پاکستان کی ممتاز روحانی شخصیت سمجھی جاتی ہیں جو شیخ الحدیث حضرت زکریا رحمہ اللہ تعالیٰ کے آخری خلیفہ ہیں، مفتی سید مختار الدین شاہ نہایت سادہ طبیعت کے مالک انسان ہیں، ہزاروں کی تعداد میں ان کے متعلقین موجود ہیں، دارلایمان والتقویٰ کے نام سے لوگوں کی اصلاح کا کام ان کی پہچان بن چکا ہے، ان کی وسیع و عریض خانقاہ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ پہاڑی مقام پر موجود ہے جہاں بجلی گیس کی سہولت تک موجود نہیں ہے مگر ہزاروں لوگ اصلاحی تعلق قائم کرنے کیلئے کربوغہ شریف جاتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ رمضان المبارک میں ہزاروں لوگ کربوغہ شریف کے مقام پر جمع ہوتے ہیں جن میں بڑی تعداد اعتکاف کرنے والوں کی بھی ہوتی ہے۔ کربوغہ شریف جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہاں ہر وقت اللہ اللہ کی صدائیں بلند ہوتی ہیں اور یہ سلسلہ تہجد کے وقت سے شروع ہو کر عشاء کے بعد تک جاری رہتا ہے۔ مفتی مختار الدین شاہ کسی تفرقہ میں پڑے بغیر لوگوں کی روحانی رہنمائی کرتے ہیں۔ جہاں بیک وقت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود ہوتے ہیں جن کی روحانی تربیت کی جاتی ہے، کربوغہ شریف کی خانقاہ اس قدر وسیع ہے کہ وہاں ایک وقت میں لاکھوں افراد کے سمانے کی گنجائش موجود ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی گزشہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ رضوان کی طرف سے تحفے میں دیئے گئے قرآن مجید کا مطالعہ کر رہے ہیں۔میتھیو ہیڈن نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ایک دن میں اپنے کمرے میں تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو سامنے رضوان کھڑا تھا جس کے ہاتھ میں قران پاک تھا، وہ لمحہ انتہائی خوبصورت تھا جسے میں کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔
انہوں نے دوران انٹرویو مزید بتایا کہ میں اور رضوان آدھے گھنٹے تک زمین پر بیٹھے رہے اور آپس میں گفتگو کرتے رہے، اب میں قرآن شریف کا ترجمہ روز پڑھ رہا ہوں۔میتھیو ہیڈن نے محمد رضوان کو بہترین شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں عیسائی ہوں لیکن اسلام کے لیے تجسس رکھتا ہوں، ایک پیغمبر یسوع مسیح کی پیروی کرتا ہے تو دوسرا پیغمبر اسلام کی اور دونوں (مذاہب) ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔