آپریٹنگ سسٹم فیل ہونے سے jazz کو اربوں کا خسارہ
یکم نومبر سے موبی لنک کا آپریٹنگ سسٹم فیل ہونے سے کمپنی کو اربوں روپے کانقصان ، لاکھوں صارفین کے فون بند ، فرنچائز والوں کے پاس معذرت کے سوا کوئی جواب نہیں
پاکستان کی سب سے بڑی موبائل کمپنی ہونے کی دعویدار موبی لنک کو شدید بحران کا سامنا ہے کیونکہ یکم نومبر سے موبی لنک کا آپریٹنگ سسٹم فیل ہوگیا ہے جس سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، موبائل فون کی آؤٹ گوئنگ بند ہونے کے بعد ہزاروں لوگ فرنچائز پہنچے تو انہیں تسلی دی گئی کہ ایک دو روز میں مسئلہ حل ہو جائے گا، جب کئی روز بعد بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو صارفین کی بڑی تعداد دوبارہ فرنچائز پہنچ گئی لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی عملے کے پاس جھوٹی تسلیوں کے علاوہ کوئی حل نہیں تھا،ایک ہفتہ سے ہیلپ لائن مل رہی ہے اور نہ ہی کوئی موبائل نمبر،انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہوچکی ہے،جاز کیش اکاؤنٹ ہولڈرز کو ٹرانزکشن میں رکاوٹ اور ڈبل ٹرانزکشن کی شکایات ہیں، ایسے وقت میں حکومتی اداروں بالخصوص پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے صارفین کے حق میں کوئی اقدام سامنے نہیں آیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس دوران کمپنی کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، کمپنی کے سوفٹ انجینئرز مسئلے کو ٹریس کر کے حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، کمپنی سے منسلک ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مبینہ ناکامی پر کمپنی نے خبر کو میڈیا میں جانے سے روکنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں تاکہ کمپنی کی ساکھ کو بچایا جا سکے۔ دوسری طرف کمپنی نے خسارے کو پورا کرنے کیلئے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گزشہ ایک ہفتے کے دوران کمپنی اربوں روپے صارفین کی جیبوں سے نکال چکی ہے۔ اس حوالے سے کمپنی سے رابطہ کیا گیا تو ان کے نمائندہ نے بتایا کہ موبی لنک اور وارد کے انضمام کے وجہ سے مسائل کا سامنا ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا جب ان سے پوچھا گیا کہ کب تک سسٹم بحال ہو جائے تو انہوں نے اس حوالے سے کچھ کہنے کی بجائے کہا کہ کمپنی کے انجینئرز مسئلے کو ٹریس کرنے میں بہت جلد اس کا حل نکال لیا جائے گا۔