وقتی خوشی کو ترک کر دیں
این لینڈرس (Ann Landers)نے پختگی کے بارے میں ایک مضمون لکھا ہے۔ اس کا ایک حصہ یہ ہے۔ پختگی یہ ہے کہ آدمی غصہ پر قابو پانے اور اختلافات کو تشدد اور تخریب کے بغیر حل کر سکے۔ پختگی برداشت کا نام ہے۔ یہ آمادگی کہ دیر طلب فائدہ کے لیے وقتی خوشی کو ترک کر دیا جائے۔ پختگی دراصل ثابت قدمی ہے‘ رکاوٹوں کے باوجود منصوبہ بندی کی تکمیل کے لیے اپنی محنت جاری رکھنا۔ پختگی بے غرضی ‘ دوسروں کی ضرورتوں میں ان کے کام آنا ۔ پختگی اس استعداد کا نام ہے کہ ناخوشگواری اور مایوسی کا سامنا کسی تلخی کے بغیر کیا جائے۔ پختگی انکساری ہے۔ ایک پختہ انسان یہ کہنے کے قابل ہوتا ہے کہ ’’میں غلطی پر تھا‘‘ اور جب وہ ثابت ہوتا ہے تو وہ یہ نہیں کہتا کہ یہ بات میں نے تمہیں بتا دی تھی۔ پختگی کا مطلب ہے قابل اعتماد اور ایماندار ہونا۔ اپنے وعدہ کو ہر حال میں پورا کرنا۔ پختگی اس صلاحیت کا نام ہے کہ ہم ان چیزوں کے ساتھ پرامن رہ سکیں جن کو ہم نہیں سکتے۔
پختہ انسان وہ ہے جس میں مردانہ اوصاف پائے جائیں۔ جو حقیقت واقعہ اعتراف کرے۔ جو ردعمل سے اوپر اٹھ کر معاملہ کرے۔ جو اپنے جذبات کو قابو میں رکھ سکے۔ جس کے اندر ناخوشگواری کو تحمل کے ساتھ عبور کرنے کی صلاحیت ہو۔ جو لوہے کی طرح قابل اعتماد کردار کا حامل ہو۔ یہی پختگی انسانیت کا کمال ہے۔ جس انسان کے اندر یہ خصوصیات ہوں ‘ وہی کامل انسان ہے۔ وہی انسانیت کے اعلیٰ درجے تک پہنچا ہے۔ ایسے ہی افراد زندگی میں کوئی حقیقی کارنامہ انجام دیتے ہیں اور یہی افراد ہیں جو کسی قوم کو ترقی اور کامیابی کی طرف لے کر جاتے ہیں۔