سکول بس چلانے والی پہلی سعودی خاتون

سعودی عرب کی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ حائل ریجن میں بدریہ الرشیدی طالبات کی سکول بس چلانے والی پہلی سعودی خاتون ہیں ۔ بدریہ الرشیدی نے سیکنڈری اور اعلیٰ ثانوی کی طالبات کو سکول پہنچانے کے لیے بس ڈرائیورنگ سیکھی۔ وہ بتاتی ہیں کہ مجھے شروع سے ہی ڈرائیونگ کا شوق تھا جس کی وجہ سے کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ابتداء میں شوہر کے ساتھ بس میں معاون کے طور پر جاتی تھی مگر اب یہ ذمہ داری تنہا کرتی ہوں اور حائل شہر کے قریبی گائوں سے بھی طالبات کو اسکول لانے اور لے جانے کی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہی ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ بس چلانے کا تجربہ انتہائی خوشگوار ہے، اگرچہ مجھے اس حوالے سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا مگر میں ان کی پروا نہیں کرتی۔ بدریہ کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے کام پر فخر ہے اور محنت کرنے میں کسی کو عار محسوس نہیں ہونا چاہئے۔ میرے گھر والوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور آج میں پورے اعتماد سے اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہوں۔ واضح رہے کہ سعودی ویژن 2030ء کے تحت مملکت میں خواتین کو ہر شعبے میں آگے لایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے متعدد سعودی خواتین نے ڈرائیونگ سیکھ کر فوڈ ڈلیوری کا کام کیا علاوہ ازیں اوبر سروس سے بھی کافی خواتین منسلک ہیں۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button