جنیفر گیٹس کا شادی سے پہلے قبول اسلام کا انکشاف
گھڑ سواری کا شوق دوستی کا سبب بنا جو شادی جیسے رشتہ میں تبدیل ہو گیا
مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شامل بل گیٹس کی بیٹی جنیفر گیٹس نے حال ہی میں مصری نوجوان نیل ناصر سے شادی کی ہے اس شادی کے خاص طور پر سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہیں۔ 25 سالہ جنیفر بل گیٹس اور 30 سالہ نیل ناصر کے معاشقے کی خبریں فروری2017ء میں اس وقت سامنے آئی تھیں جب انہوں نے پہلی بار ویلنٹائن ڈے پر میامی کے ساحل پر ایک ساتھ ’’لنچ‘‘ کی تصاویر جاری کی تھیں تاہم جنیفر کے انسٹا گرام کے مطابق دونوں کا ملنا جلنا اس سے ایک مہینہ پہلے شروع ہوا تھا۔ بعد ازاں جنوری2020ء کو دونوں نے پہلی بار انسٹا گرام پر اپنی منگنی کا اعلان کیا اور تصاویر بھی شیئر کیں۔ جنیفر نے لکھا تھا کہ ’’میں اپنی باقی زندگی آپ کے ساتھ سیکھنے، بڑھنے،ہنستے ہوئے گزارنے کا بے صبری سے منتظر ہوں‘‘۔
30 سالہ نیل ناصر کی پیدائش تو شکاگو کی ہے تاہم ان کی پرورش کویت میں ہوئی۔ نیل ناصر کے والدین کویت میں آرکیٹک کی ایک کمپنی چلاتے ہیں، وہ کاروبار کے سلسلے میں ہی مصر سے تین دہائیاں قبل کویت منتقل ہوئے تھے۔ نیل ناصر2009 ء میں امریکہ منتقل ہوئے اور ناردرن کیلی فورنیا یونیورسٹی میں زیر تعلیم رہے ،2013 ء میں انہوں نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے اکنامکس میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ نیل ناصر ایک بزنس مین اور ماہر گھڑ سوار ہے۔ وہ ٹوکیو اولمپکس میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ 25 سالہ جنیفر بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کے تین بچوں میں سے سب سے بڑی ہیں۔ جنیفر گیٹس، جو اس وقت میڈیکل کی طالبہ ہیں،انہوں نے 2018ء میں کیلی فورنیا یونیورسٹی سے انسانی حیاتیات ڈگری حاصل کی اور انہیں بھی گھڑ سواری کا بے حد شوق ہے۔ جنیفر نے پہلے کہا تھا کہ ان کی کھیل سے محبت ان چیزوں کا حصہ ہے جو ان کو جوڑتی ہے۔ شادی کی تقریب پہلے 15 اکتوبر جمعہ کی شب اسلامی انداز میں ہوئی جس کے بعد 16 اکتوبر ہفتے کی شب نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کائونٹی میں ایک عام تقریب میں منعقد کی گئی۔ یہ تقریب جینیفر کے ویسٹ چیسٹر ہارس فارم میں منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں مہمانوں نے شرکت کی۔جمعہ کو ریہرسل ڈنر میں ، بل گیٹس اور میلنڈا کو طلاق کے بعد پہلی بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔ برطانوی بینڈ کولڈ پلے اور امریکی گلوکار ہیری ہڈسن نے تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شادی کے منتظم مارسی بلم کے مطابق دو روزہ تقریب پر تقریباً بیس لاکھ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔ جنیفر نے شادی سے پہلے حالیہ مہینوں میں کچھ وقت اپنی ماں ملینڈا اور والد بل گیٹس کے ساتھ گزارا جن کی ستائیس سالہ رفاقت کے بعد اس سال اگست میں علیحدگی ہوئی تھی۔ جنیفر نے اپنے والدین کی علیحدگی کو اپنے لیے بڑی آزمائش قرار دیا تھا۔ جینیفر کی اپنی ماں سے بہت قربت ہے یہی وجہ ہے کہ57 سالہ ملینڈا شادی کا تیاریوں میں بڑا حصہ ہے۔65 سالہ بل گیٹس شادی سے ایک روز قبل نیویارک پہنچے تھے۔ اسلام طرز پر شادی ہونے سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جینیفر شادی سے قبل اسلام قبول کر چکی ہیں۔