بیوی اور شوہر میں فیصلے کا حق کس کو؟

ازدواجی زندگی میں یہ طے ہونا نہایت ضروری ہے کہ فیصلے کا اختیار کس کو ہے، خواتین کو جب معلوم ہو گا کہ حتمی فیصلہ شوہر کا تسلیم کیا جائے گا تو بہت سے مسائل محض اسی سے حل ہو جائیں گے۔ ازدواجی زندگی کے اس اہم پہلو کو پوری طرح سمجھنے کی ضرورت ہے ، بہت سے لوگ مشورہ اور فیصلہ کو خلط ملط کر دیتے ہیں، اسی طرح بعض خواتین یہ شکوہ کرتی ہیں کہ گھر میں ان کی بات تو سنی ہی نہیں جاتی ہے، یاد رکھیں مشورہ اور فیصلہ میں نمایاں فرق ہے۔ کسی بھی کام کو کرنے سے پہلے ایک یا ایک سے زیادہ افراد سے مشورہ کیا جا سکتا ہے، مشورہ میں بہت سے امور زیر بحث بھی آ سکتے ہیں تاہم حتمی بات کو فیصلہ کہا جاتا ہے۔ عین ممکن ہے فیصلہ غلط ہو اور غلط فیصلے کی صورت میں نقصان بھی اٹھانا پڑے لیکن زندگی میں بہر صورت فیصلے کرنے پڑتے ہیں، اہم یہ ہے کہ آپ غلط فیصلوں سے کتنا سیکھتے ہیں۔ خواتین گھریلو فیصلوں میں شامل ہونا چاہتی ہیں، ہونا بھی چاہئے لیکن مشورے کی حد تک شامل رہیں اور حتمی فیصلے مرد کو کرنے دیں اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ غلط فیصلے کی صورت میں خواتین کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ اگر آپ کے گھر میں مرد فیصلہ کر رہے ہیں تو اس پر خدا کا شکر ادا کریں اور خوش ہونا چاہئے کہ مرد فیصلہ کرنے کیلئے سلامت ہیں، جن گھرانوں میںسارے فیصلے خواتین کرتی ہیں وہاں کئی طرح کے مسائل جنم لے لیتے ہیں، کیونکہ خالق کائنات نے مرد کی نسبت خواتین کو کمزور بنایا ہے، عمومی حالات میں خواتین تذبذب کا شکار ہو کر فیصلہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتی ہیں، خواتین مشکل حالات اور پریشر میں پریشان ہو جاتی ہیں، جبکہ ایسے حالات میں ثابت قدمی کی ضرورت ہوتی ہے، عموماً دیکھنے میں آیا ہے کہ جن گھرانوں میں خواتین کو فیصلہ کا اختیار حاصل ہوتا ہے وہاں پر بھی مشکل حالات کا سامنا کرنے پر خواتین مردوں سے رجوع کرتی ہیں بسا اوقات معاملے کو پیچیدہ بنا کر مردوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ اسے حل کریں، جب مشکل معاملات میں مردوں نے ہی کردار ادا کرنا ہوتا ہے تو کیوں نہ مردوں کو ہی مستقل فیصلے کا اختیار دیا جائے۔ مردوں کو فیصلے کا اختیار دینے کا معاملہ معمولی نہیں ہے، ازدواجی زندگی پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں، مرد حضرات بہت خوش ہوتے ہیں کہ ان کی فیملی ان سے پوچھے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھاتی ہے، پھر دیکھیں کہ کیا شوہر بیوی سے مشورہ کئے بغیر کوئی فیصلہ کرے گا؟ ہرگز نہیں، بس آپ نے دل بڑا کرنا ہے اور شوہر کو احساس دلانا ہے کہ آپ ہی کا فیصلہ حتمی ہے، اس پر عمل کر کے دیکھیں، آپ کا گھرانہ مثالی گھرانہ ہو گا اور شوہر کی نظر میں آپ کی عزت میں بے حد اضافہ ہو جائے گا۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button