سونے سے تیار کردہ قرآن کریم کا نایاب نسخہ

پاکستانی آرٹسٹ شاہد رسام نے اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا قرآن پاک کا نسخہ تیار کیا ہے، جو اگلے ماہ دبئی میں ہونے والی دبئی ایکسپو میں پیش کیا جائے گا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ قرآن پاک 1400سالہ اسلامی تاریخ میں ایلومینیم اور سونے سے لکھا گیا دنیا کا پہلا قرآن پاک ہے۔ روایتی طور پر قرآن پاک کو اب تک کاغذ،کپڑے اور چمڑے پر تیار کیا جاتا رہا ہے لیکن پاکستانی آرٹسٹ نے ایلومینیم اور سونے سے الفاظ لکھ کر ایک نیا تصور متعارف کروایا ہے۔ شاہد رسام، جو پہلے بھی کئی بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکے ہیں، انہوں نے قرآن پاک کے مذکورہ نسخہ کی تیاری کا آغاز5 برس قبل کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ فریم کے سائز کو چھوڑ کر قرآن پاک 8.5 فٹ لمبا اور 6.5 فٹ چوڑا ہے۔ قرآن پاک کے ایک صفحے پر 150 الفاظ درج ہیں جبکہ اس کے کل صفحات کی تعداد550 ہے۔ رسام کہتے ہیں کہ دبئی میں موجود اوورسیز پاکستانی کاروباری شخصیت عرفان اسامہ اس قرآن پاک کو دبئی ایکسپو میں پیش کرنے کیلئے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد رسام نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب ان کا تیارکردہ قرآن پاک کا یہ نسخہ حاصل کرے گا۔ شاہد رسام اس سے پہلے2000ء میں ایلومینیم اور سونے سے اللہ کے99 نام تیار کرکے متحدہ عرب امارت کی ’’العین‘‘ یونیورسٹی سے آرٹسٹ آف دی ایئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اب تک کہ سب سے بڑے قرآن پاک کی لمبائی 6.74فٹ اور چوڑائی 4.11فٹ ہے، جو 632 صفحات پر مشتمل ہے اور اس کا وزن 552.74کلو ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button