کیا پنجاب حکومت نے صحت کارڈ پر علاج کی سہولت ختم کر دی؟

صحت کارڈ تحریک انصاف حکومت کا جاری کردہ منصوبہ ہے جس کے تحت شہریوں کو 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی گئی تھی، لاکھوں لوگ اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں، علاج کی سہولت سے مستفید ہونے والوں میں بڑی تعداد ایسے افراد کی تھی جو علاج کی سکت نہیں رکھتے تھے۔ چند روز سے ایسی اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ پنجاب کی نگراں حکومت نے صحت کارڈ پر کارڈیالوجی اور گائنی کی سہولت ختم کر دی ہےاور صحت کارڈ پر علاج کی سہولیات میں بتدریج کمی جاری ہے۔

پنجاب کی نگران حکومت نے صحت سہولت کارڈ کے تحت دل کے مریضوں کے علاج کے بعد گائنی کے مریضوں کا بھی مفت علاج بند کر دیا جس کے بعد پنجاب کی لاکھوں غریب خواتین گائنی کے مفت علاج معالجے سے محروم ہو گئی ہیں۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے تمام نجی اسپتالوں کو کہا تھا کہ یکم جولائی سے نجی اسپتالوں میں دل کے مریضوں کا صحت کارڈ پرعلاج نہیں ہو گا۔اسٹیٹ لائف انشورنس کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے مریضوں سے30 فیصد پیسے چارج کرنےکی سفارش کی ہے لہٰذا پنجاب میں مستحق افراد کے تعین تک کارڈیک سروسز صحت کارڈ پر نہیں ہوں گی۔

اسٹیٹ لائف انشورنس کے مطابق یکم جولائی کے بعد دل کے امراض کےعلاج پر نجی اسپتالوں کو ادائیگی نہیں ہو گی۔اس کے علاوہ یہ خبر بھی سامنے آئی کہ اسٹیٹ لائف انشورنس نے امراض قلب کے بعد نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ پر زچگی کےعلاج کی سہولت بھی بند کردی ہے۔اسٹیٹ لائف نے صحت کارڈ پینل کے نجی اسپتالوں کومفت زچگی علاج بند کرنے کی ہدایت کی اور مراسلے میں کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کے نجی اسپتالوں کو مراسلے کا اطلاق یکم جولائی سے ہے۔مراسلے کے مطابق نارمل ڈلیوری یا سی سیکشن پر اسٹیٹ لائف کوئی ادائیگی نہیں کرے گا۔

65 ہزار تک تنخواہ یا آمدن والے والے افراد صحت سہولت کارڈ پر نجی ہسپتال سے علاج کروا سکیں گے جس میں سے 30 فیصد اخراجات انہیں اپنی جیب سے ادا کرنے پڑیں گے۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق فیملی ہیڈ کے صحت سہولت کارڈ میں بیلنس صفر کر دیا گیا ہے، اگر عوام نے صحت سہولت کارڈ کے تحت نجی ہسپتال سے دل کا علاج کروانا ہے تو ہر شہری کو 30 فیصد اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے ہوں گے۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ پر کارڈیالوجی کی سہولیات ختم کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبر کی تردید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے کارڈیالوجی کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گی، حکومت پنجاب اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی عوام کو صحت کارڈ کے ذریعے مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید بہتری لا رہے ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کارڈ نہ بند کررہے ہیں اور نہ ہی کارڈیالوجی کی سہولیات کو محدود کر رہے ہیں، صحت کارڈ کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button