میدان کربلا کی بہادر خاتون سیدہ زینب سلام اللہ علیہا

زینب بنت علی رضی اللہ عنہا آنحضورؐ کی نواسی، شیر خدا علی المرتضیٰ اور خاتون جنت فاطمۃ الزہرا کی نور نظر اور شہید کربلا حسین بن علی رضی اللہ عنہ کی بہادر اور جرأت مند بہن تھیں
میدان کربلا کی بہادر وجرأت مند خاتون سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے یزید کے دربار میں اپنے موثر اور دردناک خطاب میں یزید کو باور کرایا کہ اس نے اپنے آپ کو تباہ و برباد کر لیا ہے

شہید کربلا امام عالی مقام سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کا جب ذکر آتا ہے تو ان کی بہن زینب بنت علی رضی اللہ عنہا کے حالات و واقعات بھی سامنے آ جاتے ہیں۔ زینب بنتِ علی رضی اللہ عنہا آنحضورکی نواسی، شیرِ خدا علی المرتضیٰ اور خاتون جنت فاطمۃ الزہراکی نورِ نظر اور شہیدِ کربلا حسین بن علی رضی اللہ عنہا کی بہادر اور جرات مند بہن تھیں۔یہی نہیں، بلکہ وہ عون اور محمد کی والدہ بھی ہیں جو اپنے عظیم ماموں حسین بن علی رضی اللہ عنہما کے ساتھ میدان کربلا میں خلعتِ شہادت سے سرفراز ہوئے۔

حضرت زینب کی ولادت 4ہجری میں ہوئی۔ آنحضورؐکی رحلت کے وقت ان کی عمر6 سال سے کچھ زائد تھی۔حضرت زینبؓکی ولادت کے وقت آنحضورؐجہاد کے لئے مدینہ سے باہر تشریف لے گئے تھے۔ جب مدینہ منورہ پہنچے تو آپ نے اپنی نومولود نواسی کو گود میں اٹھالیا۔ لعاب مبارک اس کے منہ میں ڈالا اور کھجور چبا کر کھلائی۔ پھر فرمایا یہ مجھے بہت پیاری لگ رہی ہے۔ یہ اپنی نانی حضرت خدیجہؓسے بہت مشابہت رکھتی ہے۔

آپ نے اپنی بڑی بیٹی کے نام پر اپنی اس نواسی کا نام بھی زینب رکھا۔ 6سال کی عمر میں حضرت زینبؓ نے اپنے والدین کے علاوہ اپنے نانا جان سے اس قدر تربیت حاصل کرلی تھی کہ اپنی بے مثال ذہانت و فطانت کی وجہ سے وہ اسلام کے بنیادی عقائد و ایمانیات پر بہت اچھی گفتگو کر لیتی تھیں اور اپنی گفتگو میں برموقع اشعار بھی پڑھتی تھیں۔انہیں آنحضورؐکے ساتھ پانچ سال کی عمر میں حج کرنے کی سعادت بھی ملی۔ ان کی والدہ حضرت فاطمہؓ بھی آنحضورؐکی رحلت کے چھ ماہ بعد انتقال فرما گئیں۔یوں حضرت زینبؓبہت چھوٹی تھیں جب ماں کی مامتا سے محروم ہو گئیں۔ حضرت علیؓ نے اپنی بیٹی کی بہت اچھی تربیت کی۔ ان کی شادی آپ نے اپنے بھتیجے حضرت عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب سے کردی۔ انہی سے ان کے بیٹے عون اور محمد پیدا ہوئے۔

حضرت علیؓکی شہادت کے موقع پر حضرت زینبؓبہت غم زدہ ہوئیں اور انہوں نے اپنے محبوب والد کا مرثیہ بھی کہا۔ حضرت زینبؓ کی زندگی اول و آخر عظمتوں کی داستان ہے، مگر میدانِ کربلا اور اس کے بعد کی منزلوں میں ان کا جو کردار سامنے آتاہے، اس کی بہت کم مثالیں انسانی تاریخ میں ملتی ہیں۔ ایک بار وہ میدانِ کربلا میں 9محرم کو صورت حال دیکھ کر قدرے پریشان ہوئیں اور ان کی زبان پر دردناک اشعار آئے۔ حضرت زینبؓ کے اشعار کا مفہوم یوں تھا۔

’’اے کاش میں یہ منظر دیکھنے کے لئے زندہ نہ رہتی، جب میرا بھائی اور پورا خاندان ظالموں کے نرغے میںآ گئے ہیں۔ ناناابو، والدہ محترمہ، بابا جان اور برادرِ بزرگ حسن سب کی جدائی پر دل پھٹ گیاتھا، مگر ان سب کے بعد جس سے آنکھیں ٹھنڈی ہوتی تھیں اور جو میرے دل کا قرار تھا، اب وہ بھی مجھ سے چھن جائے گا۔ اے کاش میں اس کے بدلے میں اپنی جان قربان کر دیتی اور اسے گزند نہ پہنچتا‘‘۔ان جذبات میں کوئی تصنع ہے نہ کسی قسم کی غیر فطری بات۔ یہ فطرتِ انسانی کے عین مطابق ہیں اور ان میں کوئی مبالغہ بھی نہیں۔اس موقع پر حضرت امام حسینؓ نے عزیمت کا پہاڑ بن کر اپنی بہن کو نہایت بلیغ انداز اور پرعزم الفاظ میں صبر کی تلقین فرمائی۔ انہوں نے فرمایا: ’’ اے میری بہن ! صبر کو اپنی ڈھال بناؤ۔ اللہ سے لو لگاؤ۔ اللہ کے ذکرسے تسکین حاصل ہوتی ہے۔ اللہ کو بقا ہے، باقی ساری کائنات کا مقدر فنا ہے۔ساری کائنات سے اعلیٰ و ارفع اور مقدس ہستی ہمارے نانا جان کی تھی ( وہ بھی دنیا میں ہمیشہ نہیں رہے ) ہمیں ان کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرناہے۔

اے میری پیاری بہن !میری بات سنو۔ میں تمہیں خدا کا واسطہ دیتاہوں کہ میں راہِ حق میں شہادت پا جاؤ ں تو گریبان نہ پھاڑنا، نہ بین کرنا ، نہ چہرے اور بالوں کو نوچنا‘‘ میدانِ کربلا کا معرکہ گرم ہوا تو سب سے پہلے حضرت زینبؓکے نو عمر بیٹے عون و محمد بن عبداللہ یزیدی فوجوں کے مقابلے پر نکلے۔ وہ بڑی بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کے دادا جعفراور والد عبداللہ بھی شیر دل تھے اور وہ خود تو شیر خدا کے نواسے تھے۔ پورے قافلے میں سے صرف نوعمر زین العابدین،جو شدید بیمار تھے، بچ پایا۔ کچھ بدبختوں نے زین العابدین پر ہتھیار اٹھانا چاہے، مگر حضرت زینبؓ ان کے سامنے کھڑی ہو گئیں اور فرمایا: خدا کی قسم جب تک میں زندہ ہوں میرے بیمار بھتیجے کو کوئی قتل نہیں کر سکتا۔
حضرت زینبؓ نے غم و الم کے اس موقع پر اپنے نانا محبوبِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی روح کو خطاب کیا اور میدانِ جنگ کا درد ناک نقشہ کھینچا، جہاں اہلِ بیت کے لاشے بکھرے پڑے تھے اور جہاں آپ کے محبوب نواسے کابے سرجسم پڑا تھا۔بس پھر کیا تھا،دشمن اپنی دشمنی کے باوجود بے ساختہ رونے لگے۔

قافلہ اہلِ بیت کو یزید کے دربار میں لے جانے کے لئے کربلا سے دمشق کی جانب سفر شروع ہوا تو یزیدی فوجوں کے حصار میں اسیرانِ اہلِ بیت کو پہلے کوفے کے ظالم گورنر عبیداللہ بن زیاد کے دربار میں پیش کیا گیا۔ قافلے کا گزر کوفے کے بازاروں میں سے ہوا تو بے وفاکوفی ہزاروں کی تعداد میں اس منظر کو دیکھنے کے لئے گھروں سے نکل آئے۔ اس موقع پر حضرت زینب ؓسے کوفیوں کی عہد شکنی اور غداری پر خاموش نہ رہا گیا۔ انہوں نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: ا ے دھوکے بازو! بدعہدی کرنے والو! خدا تمہیں کبھی سکون عطا نہ کرے۔تم نے میرے بھائی کے ساتھ جو غداری کی اس نے ثابت کر دیا کہ تمہارے خمیرمیں خیر نہیں۔ تم خوشامدی اور بزدل ہو۔ نواسہ رسول کے قتل میں تم بالواسطہ شریک ہو۔ تم نے بیعت کر کے توڑ دی اور حمایت کا اعلان کر کے پیٹھ پھیر گئے۔ یاد رکھو تم خدا کے قہر سے نہیں بچ سکو گے۔دمشق پہنچنے سے پہلے کوفہ کے گورنر عبیداللہ بن زیاد نے کوفہ میں دربار منعقد کیا اور اسیرانِ کربلا اس کے سامنے پیش کئے گئے۔

بدبخت عبیداللہ بن زیاد نے اس مصیبت زدہ اور غم سے چور خانوادہ رسول کے قافلے کو اذیت پہنچانے کے لئے بہت بے ہودگی اور یاوہ گوئی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے یہ الفاظ تاریخ کے صفحات میں خود تاریخ کے لئے اذیت کا باعث ہیں۔ اس نے کہا: خدا کا شکر ہے کہ اس نے تم لوگوں کو رسوا کر دیا اور تمہاری منحرف سوچ کو نیچا دکھا دیا۔

شیر خدا کی بیٹی اس دہشت گردی کے عالم میں بھی بے خوف کلمہ حق بلند کرتے ہوئے بولیں: تعریف اور حمدو شکر ہے اس ہستی کے لئے جس نے اپنے محبوب رسول کے ذریعے ہمیں عزت بخشی۔ ان شاء اللہ فساق رسوا اور ذلیل ہوں گے اور ان کے نظریات لعنت زدہ قرار پائیں گے۔ یہ گفتگو بڑی طویل تھی۔ عبیداللہ بن زیاد جب زچ ہوگیا تو اس نے علی بن حسین ( امام زین العابدین ) کی طرف اشارہ کر کے کہا: اس لڑکے کو کیوں قتل نہیں کیا گیا ؟ اسے میرے سامنے قتل کر دیا جائے۔ حضرت زینبؓاپنے بھتیجے سے لپٹ گئیں اور فرمایا : پہلے مجھے قتل کرو ، پھر اسے قتل کرنا۔آخر ابنِ زیاد نے اپنا فیصلہ بد ل لیا اور یہ قافلہ کوفہ سے شام کی طرف سرکاری دستوں کے محاصرے میں روانہ کر دیا گیا۔ کئی دنوں کی مسافت کے بعد یہ مظلوم یزید کے دربار میں پیش کئے گئے۔ نواسہ رسول کا مبارک سر، جسے آنحضورؐپیار سے بوسہ دیا کرتے تھے، نیزے کی انی پر پرویا ہوا تھا۔ یزید کے دربار میں ان مظلوموں کو پیش کیا گیا تو اس نے امام کا سر دیکھ کر کہاکہ میں نے اسے نیزے پر پرونے کا حکم نہیں دیا تھا۔

یہاں بھی یزید کے ساتھ جو مکالمہ ہوا،اس میں حضرت زینبؓ نے کمال حکمت و دانش اور جرات و بہادری کے ساتھ اس کے تمام اعتراضات و خرافات کا بھر پور جواب دیا۔ یزید کے دربار میں حضرت زینبؓ نے ایک موثر اور دردناک خطاب فرمایا۔ اس میں انہوں نے یزید کو باور کرایا کہ اپنے زعم میں وہ سمجھ رہاہے کہ اسے کامیابی مل گئی اور اہلِ بیت سرنِگوں ہو گئے، مگر حقیقت میں اہلِ بیت کا کوئی نقصان نہیں ہوا، بلکہ یزید اور اس کے پورے ٹولے نے اپنے آپ کو تباہ و برباد کر لیاہے:
قتلِ حسین اصل میں مرگِ یزید ہے
اسلام زندہ ہوتاہے ہر کربلا کے بعد

کچھ دن یزید نے ان لوگوں کو دمشق میں ٹھہرائے رکھا، پھر اس نے حکم دیا کہ ان خواتین کو سواریوں پر سوار کیا جائے اور مدینہ تک بحفاظت پہنچایا جائے۔ یزید نے صحابی رسول حضرت نعمان بن بشیرؓانصاری کو جو دمشق میں مقیم تھے، ذمہ داری سونپی کہ وہ اپنی نگرانی میں قافلے کو مدینہ تک پہنچائیں۔ اونٹوں پر محمل رکھے گئے تھے۔ حضرت زینبؓ نے فرمایا کہ محملوں پر سیاہ چادریں ڈال دی جائیں، اس لئے کہ محملوں میں حضورؐکی بیٹیاں سوار تھیں اور سفر لمبا تھا۔

ان کو یہ سفر پردے میں کرنا تھا کہ ان پر کسی کی نظر نہ پڑے۔ یہ خاتونِ جنت کی بیٹیاں تھیں جنہوں نے فرمایا تھا کہ ان کے جنازے کے وقت چشمِ فلک بھی ان کے کفن کو نہ دیکھ سکے۔ واقعاتِ کربلا کی خبر مدینہ منورہ پہنچ چکی تھی۔جب یہ قافلہ مدینہ کے قریب پہنچا تو مدینہ میں موجود صحابہ و تابعین اور اہلِ مدینہ بڑی تعداد میں ان کے استقبال کے لئے شہر سے باہر نکلے۔ مشہور صحابی حضرت جابر بن عبداللہ انصاری سب سے آگے آگے تھے اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ وہ فرما رہے تھے کہ یہ قوم اپنے نبیؐ کو روز قیامت کیا منہ دکھائے گی؟

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button