رمضان المبارک میں ناداروں کے ساتھ غمواری و ہمدردی کیجئے
رمضان المبارک غمخواری و ہمدردی اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کا مہینہ ہے،اس لیے کہ ہر آدمی یہ کوشش کرتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ خیر خواہی کرے اور اس کے دکھ درد میں شریک ہو کر اس کی کچھ دلجوئی کرے ،رمضان المبارک کی یہ خصوصیت ہے کہ لوگ اس مہینہ میں جہاں اپنے بارے میں اچھائی کی فکر کرتے ہیں وہیں اپنے اہل خاندان اور اپنے ماتحتوں،غریبوں ،محتاجوں ،مسکینوں کے بارے میں بھی اچھی سوچ رکھتے ہیں ،اور اپنے مال میں سے کچھ حصہ ان کے لیے نکالتے ہیں ،اور ہر ایک کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ روزہ داروں کے لیے افطار کا انتظام کرے یا انہیں اپنے افطار میں شریک کرے۔
اسی طرح خدائی حکم کے پیش نظر صدقہ فطر اور زکوٰۃ اور عیدکے موقع پر کپڑے غریبوں اور مسیکنوں اور بے سہارا لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں ،اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دین خیر خواہی اور ہمدردی کا نام ہے(بخاری) اور فرمایا کہ بہترین اسلام بھوکوں کو کھانا کھلانا ہے (بخاری) نیز فرمایا کہ جو کوئی کسی برہنہ کو کپڑے پہنائے کل قیامت میں اللہ تعالیٰ اسے جنت کا لباس پہنائیں گے۔