حج کے سات اعمال ’’مناسک حج‘‘ کا مختصر تعارف

لَبَّیْکَ اللّٰھُمَّ لَبَّیْک‘ لَبَّیْکَ لَا شَریْکَ لَکَ لَبَّیْکَ، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ، لَا شَرِیْکَ لَکَ
1۔ احرام: (کوئی چیز اپنے اوپر حرام کرنا)
عمرہ یا حج کی نیت کرتے ہوئے تلبیہ پڑھنا ۔ ایسا کرتے ہی وہ سات چیزیں ناجائز ہو جاتی ہیں جو حاجی کے لیے ممنوع ہیں۔ احرام کی چادریں بدلنا درست ہے۔
2۔ طواف: (کسی چیز کے گرد گھومنا، پھیرے لگانا)
بیت اللہ کے گرد سات چکر لگانا ۔ ہر چکر حجر اسود سے شروع ہو کر اسی پر ختم ہوتا ہے۔ طواف کے دوران نگاہ سامنے رکھیں۔ خانہ کعبہ کی طرف سینہ یا پشت نہ کریں۔ طواف میں وضو ضروری ہے۔
3۔ سعی
صفا اور مروہ کے درمیان سات چکر لگانا۔ صفا سے مروہ تک ایک اور مروہ سے صفا تک دوسرا چکر شمار ہوتا ہے۔ اس لیے سعی کے ساتھ چکر صفا سے شروع ہر کر مروہ پر ختم ہوتے ہیں۔ سعی باوضو سنت ہے۔
4۔ وقوف: (ٹھہرنا)
حج میں دو وقوف ہوتے ہیں ۔ 9ذی الحجہ کی ظہر سے غروب تک عرفہ میں‘ اور ۱۰ ذی الحجہ کی نماز فجر کے بعد طلوع سے ذرا پہلے تک مزدلفہ میں۔ پہلا فرض دوسرا واجب ہے۔
5۔ رمی : (پھینکنا )
عید کے پہلے دن 10ذی الحجہ کوطلوع کے بعد صرف بڑے ستون اور 11، 12ذی الحجہ کو زوال کے بعد تینوں ستونوں کو سات سات کنکریاں مارنا۔یوں کل 49کنکریاںہوئیں۔ یہ مزدلفہ سے چن لی جاتی ہیں ۔پہلی کنکری مارتے ہی تلبیہ ختم کر دیاجاتا ہے۔ بڑے شیطان کی رمی کے بعد دعا نہیں۔
6۔ قربانی: (جانور ذبح کرنا)
جو حاجی ایک ہی سفر میں حج اور عمرہ دونوں کی سعادت حاصل کرے اس پر شکرانے کے طور پر حج کی قربانی لازم ہے۔ یہ عید کی قربانی کے علاوہ ہے۔
7۔ حلق(بال مونڈنا) قصر(چھوٹا کرنا)
حلق :
احرام سے نکلنے کے لیے مردوں کا بال منڈوانا ۔ اگر بال نہ ہوں تو استرا پھروانا۔
قصر:
احرام سے نکلنے کے لیے کم از کم چوتھائی سر کے بال انگلی کے ایک پورے… سے کچھ زائد …کاٹنا ۔ مرد حلق یا قصر دونوں کر سکتے ہیں۔ عورتیں صرف قصرکریں گی۔
٭ حج کے طواف کی تین قسمیں ہیں
طواف قُدوم (آمد کا طواف) :
بیت اللہ آمد کے موقع پر کیا جاتا ہے اور سنت ہے۔
طوافِ زیارت (ملاقات کا طواف):
حج کا مرکزی طواف جو عید کے تین دن 10, 11, 12ذی الحجہ کے دوران کسی بھی وقت کیا جاتا ہے۔یہ طواف فرض ہے۔ جب تک نہ کیا جائے میاں بیوی ایک دوسرے پر حلال نہیںہوتے۔
طوافِ ودّاع ( واپسی کا طواف):
حج سے وطن واپسی کے موقع کیا جاتاہے اور واجب ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button