ترکوں کی صدیوں پرانی روایت ’’نیکی کی ٹوکری‘‘
ترکی میں صدیوں سے ایک نیک عمل نسل در نسل چلتا آرہا ہے، جو آج کی جدید دنیا میں بھی پوری آب وتاب کے ساتھ جاری وساری ہے ،ترکی میں روٹی کے تندوروں پر ایک اضافی ٹوکری بنی ہوتی ہے، جسے وہاں کے عرف عام میں ’’نیکی کی ٹوکری‘‘ کہا جاتا ہے،جو لوگ تندور سے روٹیاں خریدنے آتے ہیں تو اپنی طرف سے خرید کر کچھ روٹیاں نیکی کی ٹوکری میں رکھوا دیتے ہیں اور ضرورت مند انہی نیکی کی ٹوکریوں سے اپنی ضرورت کے مطابق باعزت طریقے سے روٹیاں لے لیتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ترکی میں خلافت عثمانیہ قائم ہوئی تو انہوں نے یہ اچھی روایت قائم کی تھی، اس خوبصورت روایت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ دینے والا محض اللہ کی رضا کیلئے دیتا ہے اور لینے والے کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی، دلچسپ بات یہ ہے کہ لینے والا ایک روٹی بھی اضافی نہیں لیتا کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ ضرورت پڑنے پر انہی تندوروں سے روٹیاں مل جائیں گی۔
تندور والے بھی اپنی اس خوبصورت روایت کو ایمانداری کے ساتھ لے کر چل رہے ہیں،جو کوئی اس نیکی کی ٹوکری کیلئے پیسے دیتا ہے اس کے آنکھوں کے سامنے ہی روٹیاں اس ٹوکری میں رکھ دی جاتی ہیں۔ اس روایت کے اور بھی خوبصورت پہلو ہیں کہ جو لوگ تنگدستی کے زمانہ میں نیکی کی ٹوکری سے روٹیاں لیتے رہے تھے خوشحالی کے دنوں میں نیکی کی ٹوکری میں روٹیاں رکھوانا نہیں بھولتے۔