عوام کیلئے خوشخبری، میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم دوبارہ شروع

اسکیم کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے شہری 20 سے 35 لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے

اپنے گھر کا خواب سجائے عوام کیلئے خوشخبری ہے کیونکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم دوبارہ متعارف کرا دی ہے جس کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے شہری 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک قرض حاصل کر سکیں گے۔

مرکزی بینک کے مطابق قرضہ گھر، فلیٹ یا پلاٹ خریدنے اور گھر کی تعمیر کے لیے فراہم کیا جائے گا۔

اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ 5 مرلہ یا 1360 مربع فٹ کے گھر یا فلیٹ کی خریداری ممکن ہوگی۔ قرض کا دورانیہ 20 سال رکھا گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے 10 سال تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام روایتی و اسلامی بینک، مائیکرو فنانس بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اس اسکیم کے تحت قرض فراہم کریں گے۔

بینک کائیبور پلس 3 فیصد کے حساب سے پرائسنگ کریں گے۔ صارفین کو 20 لاکھ روپے تک قرض 5 فیصد شرح سود پر اور 35 لاکھ روپے تک قرض 8 فیصد شرح سود پر ملے گا۔

واضح رہے کہ اس اسکیم کے تحت قرض کی پروسیسنگ کی کوئی فیس نہیں رکھی گئی ہے، جس کا مقصد متوسط اور نچلے طبقے کے شہریوں کے لیے اپنے گھر کی خریداری یا تعمیر کو آسان بنانا ہے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button