مقابلہ کی دنیا میں بے فائدہ احتجاج میں وقت ضائع نہ کریں 

ولیم دوم جرمنی کا بادشاہ تھا اپنے باپ شہنشاہ فریڈرک کے بعد 1888ء میں تخت پر بیٹھا ۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ تھا۔ اس نے جرمنی کو فوجی اعتبار سے ترقی دینے میں کافی دلچسپی لی ۔ مگر اس کا فوجی استحکام اس کی شہنشاہیت کو بچانے میں کامیاب نہ ہوا۔ ملکی حالات کے تحت اس کو تخت چھوڑنا پڑا۔ نومبر1918ء میں وہ حکومت چھوڑ کر ہالینڈ چلا گیا اور وہاں خاموشی کے ساتھ زندگی گزار کر مرگیا۔ اس کی جلاوطنی کی موت گویا اس بات کا ایک واقعاتی ثبوت تھی کہ فوجی قوت کے مقابلہ میں حالات کی قوت زیادہ اہم ہے۔

جنگ عظیم اول سے کچھ پہلے کا واقعہ ہے۔ جرمنی کا مذکورہ بادشاہ ولیم دوم سوئٹزر لینڈ گیا ہوا تھا وہ وہاں کی منظم فوج کو دیکھ کربہت خوش ہوا۔ اس نے مزاحیہ انداز میں سوئٹزرلینڈ کے ایک فوجی سے پوچھا:اگر جرمنی کی فوج جس کی تعداد تمہاری فوج سے دگنی ہو تمہارے ملک پر حملہ کر دے تو تم اس وقت کیا کرو گے؟ اعلیٰ تربیت یافتہ فوجی نے سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا:سر ہم کو ایک کے بجائے دو فائر کرنے پڑیں گے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ زندگی میں اصل اہمیت تعداد کی نہیں محنت اور کارکردگی کی ہے۔آپ کا حریف اگر تعداد میں زیادہ ہو تو آپ اپنی محنت اور کار کردگی میں اضافہ کر کے کم تعداد کے باوجود زیادہ تعداد پر غالب آ سکتے ہیں۔ دنیا میں اپنی جگہ بنانے کی دوصورتیں ہیں ایک یہ کہ جس آسامی کے لئے بی اے کی قابلیت کی شرط ہو اور بی اے والوں نے درخواستیں دے رکھی ہوں۔ وہاں آپ بھی بی اے کی ڈگری لے کر پہنچ جائیں اور جب آپ کو نہ لیا جائے تو شکایت کریں کہ کیوں آپ کے مقابلہ میں دوسرے امیدوار کو ترجیح دی گئی جب کہ دونوں یکساں طور پر گریجویٹ تھے۔

دوسری صورت یہ ہے کہ جہاں لوگ بی اے کی ڈگریاں پیش کر رہے ہیں وہاں آپ ماسٹر ڈگری لے کر پہنچیں جہاں لوگ مطابق شرائط قابلیت کی بنیاد پر اپنا حق مانگ رہے ہوں وہاں آپ برتر شرائط قابلیت دکھا کر اپنا حق تسلیم کرائیں۔ یہی دوسرا طریقہ زندگی کا اصلی طریقہ ہے ۔تمام بڑی بڑی ترقیاں اور کامیابیاں انہی لوگوں کے لئے مقدر ہیں جو برتر قابلیت لے کر زندگی کے میدان میں داخل ہوں۔ جن لوگوں کے پاس صرف کمتر لیاقت یا برابر کی لیاقت کا سرمایہ ہو ان کے لیے صرف ایک ہی انجام مقدر ہے۔ مقابلہ کی اس دنیا میں دوسروں سے پچھڑ جانا اور اس کے بعد بے فائدہ احتجاج میں اپنا وقت ضائع کرتے رہنا۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button