زیادہ دیکھو اور زیادہ بن جاؤ See more, be more

ماریا ٹالچیف(Maria Tallechief)امریکہ کی ایک خاتون آرٹسٹ تھی۔وہ 1925ء میں پیدا ہوئی۔ اس نے کامیاب آرٹسٹ بننے کا ایک سادہ اصول بتایا ہے۔تاہم یہ اصول صرف آرٹسٹ کے لیے نہیں …وہ ہر میدان میں کام کرنے والے آدمی کے لیے ہے۔

وہ سادہ اصول یہ ہے … زیادہ دیکھو اور زیادہ بن جاؤ۔
ـ”See more, be more”

تجسس (Curiosity)تمام ترقیوں کی جان ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ کچھ اور جاننے کی کوشش کرے ۔ وہ زیادہ دیکھے، سنے اور سوالات پیدا کر کے اپنی معلومات میں اضافہ کرے۔ آدمی کی جتنی زیادہ معلومات ہوں اتنی ہی زیادہ ترقی اس کے حصہ میں آتی ہے اور زیادہ معلومات اسی آدمی کو ملتی ہے جو ہمیشہ زیادہ جاننے کی کوشش میں لگاہوا ہو۔

بیشتر لوگوں کایہ حال ہوتا ہے کہ وہ اپنی لاعلمی سے بے خبر رہتے ہیں۔ وہ نہ جانتے ہوئے بھی یہ سمجھتے رہتے ہیںکہ ہم جانتے ہیں۔یہ ذہنیت کسی آدمی کے لیے قاتل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایسا آدمی جاہل ہوتا ہے مگروہ اپنے آپ کو عالم سمجھتا ہے۔ وہ نادان ہوتا ہے مگر یقین کر لیتا ہے کہ وہ ایک دانا انسان ہے۔ ایسا انسان خود اپنے آپ کو کتنا ہی زیادہ قیمتی سمجھے مگر خارجی دنیا کے اعتبار سے اس کی کوئی قیمت نہیں۔

سب سے بہتر یہ ہے کہ آدمی اپنے آپ کو طالب علم سمجھے اور ہمیشہ طالب علم سمجھتا رہے۔ علم کی تلاش سے وہ کبھی نہ تھکتا ہو۔ اسکے لیے سب سے زیادہ خوشی کا لمحہ وہ ہو جب کہ وہ کوئی نئی چیز دریافت کرے۔ جب کہ اسکے علم کے ذخیرہ میں کسی نئی بات کااضافہ ہو جائے۔ جو شخص زیادہ جانے گا وہ اس دنیا میں زیادہ بنے گا۔

فکری اضافہ آدمی کومعمولی انسان سے اُٹھا کر غیر معمولی انسان بنا دیتاہے۔ اس دنیا میں معلومات کی کوئی حد نہیں،اس لیے معلومات میںاضافے کی کوئی حد نہیں ہو سکتی۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنے آپ کونہ جاننے والا سمجھے تاکہ اس کی جاننے کی خواہش کبھی نہ ختم ہونے پائے۔

تحریر سوشل میڈیا پر شئیر کریں
Back to top button