خواتین میں لاڈ کے چونچلے ختم کیوں نہیں ہوتے؟
اگر کوئی مرد خواتین کے ناز نخرے اٹھاتا ہے تو خواتین سب کچھ اس کے سپرد کرنے کیلیے تیار ہو جاتی ہیں
ناز نخرا اور لاڈ خواتین کی طبیعت میں ودیعت رکھ دیا گیا ہے، ہر عمر کی خواتین ناز نخراکرتی ہیں، کیونکہ مرد خواتین کے حسن کے دلدادہ ہوتے ہیں اور خواتین مردوں کی اس کمزوری سے بخوبی آگاہ ہوتی ہیں ایسی صورت میں ناز نخرا اور نزاکت فطری امر ہے۔ خواتین یہ توقع بھی رکھتی ہیں کہ مرد ان کے ناز نخرے اٹھائیں اگر کوئی مرد خواتین کے ناز نخرے اٹھاتا ہے تو خواتین سب کچھ اس کے سپرد کرنے کیلیے تیار ہو جاتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عورت کو کچھ بھی نہ دیں مگر عزت، پیار اور لاڈ دیں تو وہ آپ کی گرویدہ ہو جاتی ہے۔
مرد حضرات چونکہ ایک جیسی طبیعت کے مالک نہیں ہوتے ہیں یا اکثر مرد خواتین کی اس کمزوری سے پوری طرح واقف نہیں ہوتے ہیں تو دونوں کے درمیان دوریاں پیدا جاتی ہیں خواتین اپنی جگہ ٹھیک ہوتی ہیں کہ شوہر کی طرف سے اسے لاڈ نہیں مل رہا ہے جبکہ شوہر کا مؤقف ہوتا ہے کہ شادی کے ابتدائی سال تک تو ناز نخرے اٹھانے کی بات درست تھی یوں شادی کے آٹھ دس سال گزرنے کے بعد شوہر بیوی سے سنجیدگی کی توقع رکھتا ہے۔
یہ ایسی صورتحال ہوتی ہے کہ شوہر اور بیوی دونوں اپنے آپ کو درست سمجھ کر ایک دوسرے سے دور ہوتے جا رہے ہوتے ہیں۔ یہی وقت ہوتا ہے جب سمجھداری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس ضمن میں مناسب معلوم ہوتا ہے کہ خواتین میں بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ تبدیلی آئے کیونکہ خواتین پر پورے خاندان کی ذمہ داری ہوتی ہے ایسے میں اگر وہ خود ہی بچگانہ حرکات سے ترک نہیں کریں گی تو خاندان بکھر جائے گا اس لیے خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی ذات سے بالا ہو کر اس سنجیدگی کا مظاہرہ کریں جو وقت کا تقاضا اور شوہر ان سے چاہتا ہے۔
اس بات کو یوں سمجھیں کہ شادی کے ابتدائی سالوں میں شوہر کی معمولی بات پہ روٹھ جانا اکثر خواتین کی عادت بن جاتا ہے خواتین چاہتی ہیں کہ شوہر انہیں منائے اور شوہر ایسا کرتا بھی ہے تاہم شادی کے دس بارہ سال بعد بھی اگر بیوی ایسا ہی سوچے تو شوہر کی طرف سے تلخی سامنے آ سکتی ہے لہذا اس بات کو سمجھیں اور عمر کے ساتھ ساتھ سدھر جائیں یہ سدھار آپ کی طبیعت میں دکھائی دینا چاہیے۔
جب کبھی شوہر کسی بات پر خفا ہو تو اسے احساس دلائیں کہ آپ نے اسے دل سے سربراہ تسلیم کیا ہے اور شوہر کو بات کہنے کا حق حاصل ہے۔ آپ کے اس طرز عمل کا فائدہ یہ ہو گا کہ شوہر کو کچھ دیر کے بعد اپنے منفی رویئے کا احساس ہو گا جب اسے اپنے تلخ روہئے کا احساس ہو جائے تو تب بھی آپ سمجیدگی کا مظآہرہ کرتے ہوئے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیں یقین جانیں شوہر آپ کا گرویدہ ہو جائے گا۔